سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ کے دوران شہرسرینگر میں چھاپڑی فروشوں اورریڑے بانوں کو موجودہ جگہ سے دیگر مقامات منتقلی کے عمل کاجائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر،کمشنر ایس ایم سی ،وی سی ایس ڈی اے،ای ای آر اینڈ بی،ایس ایس پی ٹریفک اور ایس آر ٹی سی کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔اس موقعہ پر ایس ایم سی کے آفیسران نے کہا کہ اس وقت محکمے کے پاس 2911چھاپڑی فروش درج ہیں ۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ لال چوک ، بٹہ مالو،ہری سنگھ ہائی سٹریٹ ،جہانگیر چوک اور ناز کراسنگ کے چھاپڑی فروشوں کو موزون مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔یہ ہدایات عدالت عالیہ کے احکامات کے پیش نظر دی گئی ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ زیر تکمیل مومن آبادسیکٹر 6 میں 700 چھاپڑی فروشوں کو منتقل کیاجاسکتا ہے۔صوبائی کمشنر نے ایس ایم سی کو ہدایت دی کہ وہ خصوصی سکارڈ تشکیل دے کر ناجائز تجاوزات ہٹانے کے لئے ایک جامع مہم شرو ع کرے تاکہ تمام سڑکوں اورفُٹ پاتھوں کو دربارمو سے پہلے ہی لوگوں کے آسان عبورو مرور کے قابل بنایا جاسکے ۔بصیر احمد خان نے پولیس اور ٹریفک محکمے کو ہدایت دی کہ وہ ٹریفک او رپیدل چلنے والوں کی بلاخلل نقل وحمل کو یقینی بنائیں۔