سرینگر//چھانہ پورہ سرینگر میں دوران شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں10 دکانیں اوران میں موجود ہر قسم کاساز وسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو لال نگر چھانہ پورہ میں شب12بجے ایک دکان سے اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ لکڑی سے بنائے گئے دکان میں آگ نمودارہونے کے بعدنزدیکی دکانات بھی جلدشعلوں کی لپیٹ میں آگئے ۔انہوں نے بتایاکہ سبھی دکانات کی تعمیرمیں چونکہ لکڑی کازیادہ ہی استعمال کیاگیاتھا،اسلئے آگ نے ان دکانات کوآسانی کیساتھ اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آ گ کے شعلے بلند ہو تے ہی علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول پھیل گیا اور نزدیکی لوگ چیختے چلاتے اپنے گھروں سے باہر آئے۔اس موقعہ پرمقامی لوگوں نے آگ پر قابو پانے کیلئے کارروائی شروع کی۔اس کے فوراً بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو مطلع کیا گیاجس کے ساتھ ہی آگ پر قابو پانے کے لئے فائر اینڈ ایمرجنسی ہیڈکوارٹر بٹہ مالو اور شہر کے دوسرے حصوں سے قریب نصف درجن فائر ٹینڈرز جائے واردات پرپہنچ گئے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی اور کئی گھنٹوں کی مسلسل جدوجہد کے بعد آ گ پر قابو پا لیا گیا تاہم اس سے پہلے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی تھی اور 10دکانیں اور ان میں موجود مشینری اور دیگر ساز و سامان تباہ ہوچکا تھا۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز کا کہنا ہے کہ آ گ سے ہوئے نقصان کا فوری تخمینہ لگانا ممکن نہیں اور مکمل جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ فوری طور معلوم نہیں ہوسکی ہے اور اس معاملے کی نسبت پو لیس نے بھی کیس درج کر لیا ہے ۔