عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //چھانہ پورہ ہائوسنگ کالونی میں عبور و مرور مشکل بنتا جارہا ہے ۔خاص کر گرلز ہائر سکنڈری سکول کے ارد گرد سڑکوں کا انتہائی برا حال ہے جہاں جگہ جگہ کھڈے پیدا ہوگئے ہیں اور معمولی بارش میں یہاں سے چلنا محال بن جاتا ہے۔سکول لین اور سکول کے سامنے اور پیچھے کی سڑک پر میکڈم بچھانے کا کام ضرور پچھلے سال کیا گیا لیکن نا معلوم وجوہات کی بنا پر محکمہ آر اینڈ بی نے یہ کام پیچز میں کیا لیکن مین روڑ سے سکول لین سے منی کالون تک سڑک پر کوئی مرمتی کام نہیں کیا گیا اور نہ بڑے بڑے کھڈے بند کئے گئے۔نتیجے کے طور پر چھوٹے کھڈے بڑے کھڈوں میں تبدیل ہوتے گئے اور سکول لین کے علاوہ سامنے اور پیچھے سڑک نے تالاب کی شکل اختیار کی ہے جہاں سے گاڑیوں نہیں نکل سکتی، سکولی طالبات کا چلنا بہت دور کی بات ہے۔پچھلے سال متعلقہ محکمہ کو سکول لین کے ساتھ ساتھ سکول کے پیچھے اور سامنے پوری سڑک پر میکڈم بچھانے کی درخواست کی گئی تھی لیکن انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا جس کی وجہ سے اب حالت انتہائی تباہ کن ہوگئی ہے۔مسجد بلالؓ کمیٹی نے صوبائی کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم مسلے کی طرف محکمہ آر اینڈ بی کی توجہ مبذول کرائے تاکہ مقامی آبادی کیساتھ ساتھ سکولی بچیوں کو مشکلات سے چھٹکارا دلایا جاسکے۔