بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے چھاندل ٹنگمرگ میں آٹھ سال قبل لاکھوں روپئے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ایک پرائمری ہیلتھ سینٹرمکمل ہونے کے باوجود بھی عوام کے نام وقف نہیں کیا جارہاہے ۔ہیلتھ سنٹر کیلئے تعمیر اس عمارت میںطبی و نیم طبی عملے کے بجائے جنگلی جانو روںاور کتوں نے ڈھیرہ جمادیا ہے مگرمحکمہ اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دے رہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ چھاندل ٹنگمرگ سمیت بدر کوٹ ،رنگوالی ،براری کھوڈ، داراکوشی، زنڈہال، ماچھی گنڈ، چنہ چک، چک پرسراشی، بومکھل، گنی بابا اور وانی گام میں رہائش پذیر آبادی کو طبی سہولیات کیلئے ٹنگمرگ اور کنزر کے اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سابق سرکار نے اس پرائمری ہیلتھ سینٹر کو لوگوں کی آسائش کیلئے تعمیر کیاتھامگر آٹھ سال گذرنے کے باوجود بھی کام کاج شروع نہیں کیا گیا۔اس سلسلے میں محکمہ صحت کے ایک سینئر آفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دراصل یہ عمارت محکمہ آر اینڈ بی نے بنائی ہے اور یہ ابھی پوری طرح سے مکمل نہیں ہے اور جونہی یہ عمارت مکمل ہوگی اور آر اینڈ بی اسے محکمہ صحت کے حوالے کرے گی تو اسے استعمال میں لایا جائے گا ۔