عاصف بٹ
کشتواڑ //کشتواڑ کے گھنے جنگلاتی علاقے چھاتروسنگھ پورہ میں جاری انسداد ملی ٹینسی آپریشن جمعہ کو دوسرے روز بھی جاری رہا۔ پولیس کا کہنا ہے یہاں 3 سے4 جیش محمدسے وابستہ ملی ٹینٹوںکے چھپے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے جبکہ جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) نالن پربھات آپریشن کی از خود نگرانی کر رہے ہیں۔ یہاں جمعرات کو فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی گائکر سندیپ پانڈورنگ ہلاک ہوا جو مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع کے کرندی گائوں کا رہنے والا تھا۔ وہ کشتواڑ ضلع میں تعینات 17 ویں راشٹریہ رائفلز میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محصور ملی ٹینٹوں کی تعداد تین سے چار کے درمیان ہو سکتی ہے، جن میں سے ایک جیش کا اعلیٰ ترین کمانڈر سیف اللہ ہے۔سیکورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹ گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں چھپے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے آپریشن میں پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ تاہم، فورسز نے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر کے ملی ٹینٹوں کے تمام ممکنہ فرار کے راستے بند کر دیئے ہیں۔ فوج پولیس اور سی آر پی ایف پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں وسیع علاقے میں تلاشی مہم میں مصروف ہیں۔ علاقے میں ڈرونز اور تھرمل امیجنگ آلات کی مدد سے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت پر قریبی نظر رکھی جا سکے۔ جمعہ کی صبح فورسز نے دوبارہ تازہ دم دستوں کے ساتھ علاقے میں سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کیا۔ جنگل میں چھپے ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔اس دوران ڈی جی پی نلن پربھات نے آئی جی پی جموں بھیم سین توتی، ڈی آئی جی شری دھر پاٹل اور دیگر اعلیٰ افسران کے ہمراہ جائے وقوع کا دورہ کیا اور ہدایت دی کہ ملی ٹینٹوں کو انجام تک پہنچانے کے لیے آپریشن کو پوری قوت کے ساتھ جاری رکھا جائے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس ایس پی کشتواڑ اور دیگر سینئر افسران موقع پر ہی کیمپ کئے ہوئے ہیں تاکہ تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل قائم رہے اور آپریشن کو موثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
جاں بحق سپاہی کو خراج عقیدت پیش | لیفٹیننٹ گورنرنے گلہائے عقیدت پیش کئے
عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں وکشمیر کے ضلع کشتواڑ کے چھاترو سنگھ پورہ جنگلاتی علاقے میں جاری انکائونٹر کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے سپاہی گائکر سندیپ پانڈورنگ کو جمعہ کے روز شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق ہونے و الے بہادر جوان کو پورے فوجی اعزاز کے گلہائے عقیدت نذر کرکے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تقریب کے دوران فوجی جوانوں اور افسروں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ادھرلیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کشٹواڑ میں اِنسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران شہادت پانے والے فوجی ر سپاہی گائیکار سندیپ پانڈورنگ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے کہا ’’کشٹواڑ میں اِنسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران قوم کے لئے عظیم قربانی دینے والے فوجی سپاہی گائیکار سندیپ پانڈورنگ کی بے مثال جرأت اور ہمت کو سلام۔ قوم ان کی بہادری اور فرض کے تئیں عزم کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔ ہم اِس دُکھ کی گھڑی میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی سے کھڑے ہیں۔‘‘
کرشنا گھاٹی سیکٹر کے جنگلات میں بھیانک آگ | درجنوں بارودی سرنگیں پھٹ گئیں،جانور وں کی ہلاکت کا خدشہ
جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب جنگلات میں جمعرات کی شام دیر گئے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے کئی کلو میٹر علاقے میں پھیل گئی۔ آگ کی شدت کے باعث علاقے میں نصب درجنوں بارودی سرنگیں پھٹ گئیں، جن کی آوازیں دور دور تک سنی گئیں، جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پیدا ہو گیا۔آگ اتنی شدید تھی کہ کئی جنگلی جانور جھلس کر ہلاک ہو نے کا خدشہ بھی ہے،جبکہ بعض جانور اپنی جان بچانے کے لئے آبادی کی طرف رخ کر گئے، جس سے مقامی لوگوں کی جان و مال کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔شام دیر تک آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا، اور محکمہ جنگلات یا ضلعی انتظامیہ کی طرف سے آگ بجھانے کے اقدامات کے بارے میں کوئی سرکاری بیان تاحال سامنے نہیں آیا۔ مقامی عوام نے حکومت اور فوجی حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور نہ صرف آگ بجھانے کے اقدامات کیے جائیں بلکہ بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی از سرِ نو جانچ بھی کی جائے تاکہ انسانی جانوں کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔