عاصف بٹ
کشتواڑ+ڈوڈہ//کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع کا زمینی رابطہ بیرونی دنیا سے مسلسل منقطع ہے کیونکہ جڑواں اضلاع کو جموں سے جوڑنے والی بٹوت جموںقومی شاہراہ مسلسل بند پڑی ہوئی ہے جبکہ کشتواڑ کو وادی کشمیر اور ڈوڈہ کو ہماچل پردیش سے جوڑنے والی شاہراہیں بھی بند ہیں۔اس دوران ضلع کشتواڑ کے دو بڑے سب ڈویژنوں پاڈر وچھاترو کو جوڑنے والی سڑک رابطے گزشتہ چار روز سے بند پڑے ہوئے ہیں جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات سے دوچار ہوناپڑرہاہے۔ سب ڈویژن پاڈرکو جوڑنے والی کشتواڑ پاڈر سڑک گزشتہ کئی روز سے پتھرنکی و نوس نالے میں پہاڑی گرآنے کے سبب بند پڑی ہوئی ہے۔اگرچہ نوس نالے پر عارضی طور سڑک کو تعمیر کیا گیا تھا لیکن دوبارہ بارشوں نے اسے بہا لیا وہیں پتھرنکی کے مقام پر پسی گرآنے کے بعد سڑک مکمل طور آمدورفت کیلئے بند ہوگئی جبکہ لوگوں کا پیدل سفر کرنا بھی دشوار ہوگیا۔ اس سڑک کے بند ہونے سے تیس ہزار کی آبادی سخت مشکلات سے دوچارہے۔ادھرسب ڈویژن چھاترو کو کشتواڑو وادی کشمیر سے جوڑنے والی سڑک گزشتہ تین روز سے مسلسل آمدورفت کیلئے بندہے جس پر بحالی کا کام دن رات جاری ہے ۔ بدھ کی شام گگڈوگن کے قریب پہاڑی کا بڑا حصہ سڑک پرگرآیاتھا جسے ہٹانے کیلئے این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام دن رات کام کررہے ہیں۔اگرچہ بڑے پتھر کو ہٹانے کیلئے کڑی مشقت کی جارہی ہےلیکن سنیچر شام تک بھی اسے ہٹایانہ جاسکا۔ حکام نے بتایا کہ ایتوار کی شام تک سڑک کو یکطرفہ کھولنے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔ سڑک بند ہونے سے چھاترو چنگام و دیگر علاقہ جات کی دس ہزار آبادی کو مشکلات سے دوچار ہوناپڑرہاہے۔یہ سڑک بند ہونے کے سبب کشمیر و مڑواہ واڑون کی عوام سخت پریشان ہے۔ عوام نے انتظامیہ سے کام میں سرعت لاکر سڑکوں پر آمدورفت کو جلد از جلد بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔دریں اثناءکشتواڑ جموں قومی شاہراہ بند ہونے کے سبب عوام کو سخت مشکلات پیش آرہی ہے اورضلع میں کھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ دیگر اشیائے ضروریہ کا بھی فقدان پایاجارہاہے ۔ اس دوران ڈوڈہ جموں بٹوت جموں قومی شاہراہ و بھدرواہ چمبہ بھدرواہ بنی بسوہلی سڑکیں تاحال بند پڑی ہیں اور متعدد علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی کمی واقع ہوئی ہے اور بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے۔