اونتی پورہ ،ہندوارہ//شمال وجنوب میں جاری جنگجو مخالف آپریشنز کے بیچ فوج نے لالگام اونتی پورہ کا کریک ڈاﺅن کرکے تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔اس دوران چک کیگام ہندوارہ میں تلاشی کارروائی کے دوران فوج وفورسز نے جنگجوﺅں کی ایک کمین سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولی بارود ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ۔ فوج نے جنوبی کشمیر میں جنگجو مخالف آپریشنز کو جاری رکھا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگجوﺅں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی فوج کی42آر آر ،ایس اوجی اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے لالگام اونتی پورہ گاﺅں کا محاصرہ کیا اور جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن آل آﺅٹ کے تحت فوج نے مذکورہ بالا گاﺅں کا کریک ڈاﺅن کرکے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا ۔علاقے میں تلاشی کارروائی کا سلسلہ آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا ،تاہم اس دوران جنگجوﺅں اور فوج وفورسز کے درمیان کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا ۔اس دوران ہندوارہ میں فوج نے ایک جنگجو کمین گاہ کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ 47اار آر فوجی اہلکاروں نے چک کیگام ہندوارہ کے جنگلی علاقے میں تلاشی کارروائی کے دوران زیر زمین بنائی گئی جنگجو کی ایک کمین گاہ پایا ،جہاں بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولی بارود چھپایا گیا ۔فوج نے جنگجوﺅں کی کمین کا تباہ کیا اور یہاں سے ایک انٹی ائر کرافٹ بندوق،ایک آر پی جی ،ایک ایل ایم جی،ایک اے کے47رائفل بشمول3میگزین،2پستول بشمول 4میگزین ،ایک آئی ای ڈی ،ایک آر ایس کین وﺅڈ اور ایک ڈاگر ضبط کیا ۔تاہم اس کارروائی کے دوران کوئی گرفتار نہیں ہوا ۔