عازم جان
بانڈی پورہ //چک ارسلان خان بانڈی پورہ میں نامعلوم افراد نے ایک میوہ باغ میں سیب کے متعدددرختوں کودوران شب کاٹا۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 اور 16 اگست کی درمیانی رات چک ارسلان خان گائوں کے ڈار محلہ میں ایک باغ میںتقریباً 30 سیب کے درختوں کو کاٹ دیا گیا ، جس سے مقامی آبادی میں زبردست تشویش پیدا ہوئی۔ یہ درخت چک ارسلان خان کے رہائشی منظور احمد خان کے میوہ باغ میں تھے۔ باغ مالک نے پولیس چوکی سملر کو مطلع کرکے شکایت درج کی ہے۔ پولیس چوکی کی ٹیم نے چوکی افسر کی نگرانی میں فرانزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) یونٹ کے ہمراہ اس جگہ کا دورہ کیا اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد باضابطہ تفتیش شروع کی۔عہدیداروں نے بتایا کہ اس حرکت کے پیچھے افرادکی شناخت کیلئے ہر زاویہ سے جانچ کی جارہی ہے۔اس واقعے نے متاثرہ خاندان کے ساتھ ساتھ مقامی باشندوں کو تشویش میں مبتلاکیا اور انہوں نے اس کی مذمت کی ۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ تیزی سے کیس کی تحقیقات کرکے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔