جموں//چکاں دا باغ پونچھ کے راستے کنٹرول لائن کے آر پار تجارت اور مسافروں کی آواجاہی مسلسل17ویں ہفتے معطل رہنے کے بعد حکام نے یہ سلسلہ دوبارہ بحال کرنے کیلئے پاکستانی زیر انتظام کشمیر کی انتظامیہ سے میٹنگ کی درخواست کی ہے۔10جولائی کو پونچھ میں حد متارکہ پر ہند پاک افواج کے مابین شدید گولی باری کے بعد چکاں دا باغ کے راستے بس سروس اور تجارت معطل کردی گئی تھی۔ مسافروں اور تجارتی ٹرکوں کی آواجاہی کا عمل مجموعی طور گزشتہ17ہفتوں سے ٹھپ پڑا ہے۔تجارت سے جڑے افراد کو اب تک 63کروڑ روپے کے نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔سرحد پار حکام کو جمعرات کے روز تحریری طور آگاہ کرتے ہوئے میٹنگ کی باضابطہ درخواست کی گئی ہے تاکہ تجارت اور بس سروس بحال کی جاسکے۔جس کیلئے دو نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔