بانڈی پورہ+پلوامہ //شاہ گنڈ حاجن میں نامعلوم مسلح افراد نے چا چا بھتیجے کو اغوا کرنے کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔ادھر رہمو پلوامہ میں مسلح افراد نے ایک ایس پی او کو ہلاک کردیا۔بتایا جاتا ہے کہ گلشن محلہ شاہ گنڈ میں جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات قریب10 بجے نقاب پوش مسلح افراد بشیر احمد ڈار ولد عبدالرحمن کے گھر میں داخل ہوئے اور پیشے سے سومو ڈارئیوربشیراحمد کو اپنے ساتھ لے گئے ۔ اس کے بعد رات کے قریب2بجے مسلح افراد سو مو ڈرائیور کے ہمراہ دوبارہ گلشن محلہ میں آئے اور اسکے چاچا غلام حسن ڈار کے گھر میں گھس کر غلام حسن کو بھی اپنے ساتھ لے گئے۔قرییب ایک کلو میٹر دور لیجا کر دونوں کو گولیاں مادیں گئیں اور ہلاک کیا گیا۔انکی ہلاکت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاص جنگجو گروپ ان دونوں کی ہلاکت میں ملوث ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق بشیر احمد پہلے حریت کانفرنس کی گاڑی بھی چلاتا تھا لیکن بعد میں اس نے نوکری چھوڑ کرسومو چلانے کا کام کیا اور اس طرح گھر کا گذارہ کرتا تھا جبکہ غلام حسن مزدوری کا کام کرتا تھا۔اس سے ایک ماہ قبل بونی کھن حاجن میںمنظور احمد بٹ کو اغوا کرنے کے بعد اس کی سرکٹی لاش ملی تھی اور اس کے باپ عبدالغفار بٹ کو شدید زخمی کیا گیاتھا۔ پولیس نے اس وقت مقامی جنگجوئوںپر الزام لگایا تھا۔ حاجن علاقے میں اب تک چارشہری نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں مارے گئے ہیں۔اس دوران ہتھیار بند افراد نے سنیچر کی صبح قریب 9بجکر 35منٹ پر پٹرول پمپ رہمو پلوامہ کے نزدیک ایس پی او شوکت احمد ڈار ولد محمد احسن ڈار پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا اور اسے پلوامہ اسپتال کیا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے بتایا کہ مزکورہ اہلکار پولیس لائنز پلوامہ میں تعینات تھا اور گزشتہ روزچھٹی پر گھر آیا تھا۔واقعہ کے بعد فورسز نے جنگجوئوں کی تلاش شروع کردی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جمعہ کو بومئی سوپور میں محمد اشرف میر کو ہلاک کیا گیا اور اسکی اہلیہ شدید طور پر زخمی ہوئی ، جس کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔