بانہال // جموں۔ سرینگر شاہراہ ، رامسو کے نزدیک بھاری پسیاں اور پتھر گر آنے کی وجہ سے تقریبا9گھنٹوں تک ٹریفک کیلئے بند رہنے کے بعد شام کو بحال کی گئی ۔ شاہراہ کے اچانک بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال بردار گاڑیاں شاہراہ کے مختلف مقامات پر درماندہ ہوکر رہ گئیں اور شاہراہ پر گر آئی بھاری پسیوں اور چٹانوں کو مشینوں کی مدد سے توڑ کر صاف کرنے کا عمل دن بھر جاری رہنے کے بعد شام چھ بجے کے قریب مکمل کیا گیا۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مسسافروں نے ریلمیں سفرکرنے کی غرض سے رامسو اور بانہال کے درمیان پیدل سفر کیا جبکہ بانہال کے رتن باس سمیت کئی مقامات پر فورلین شاہراہ کی تعمیر کی وجہ سے شاہراہ پر گرائے گئے ملبے سے پیدل مسافروں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور بانہال۔ کھڑی۔ اکڑال اور رام بن کے مقامی مسافروں اور ملازموں کو بھی کئی گھنٹوں کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے سنجے بھگت نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ شاہراہ پر گر ائے ملبے کو چند گھنٹوں کے بعد ہی صاف کیا گیا تھا لیکن ملبے کے ساتھ گر ائی بڑی بڑی چٹانوں اور پتھر کے بڑے بڑے بولڈروں کو مشینوں کی مدد سے توڑ کر شاہراہ سے ہٹانے کے عمل میں خاصا وقت لگا اور شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب پسیوں اور پتھروں کو شاہراہ سے صاف کرکے شاہراہ کو قابل آمدورفت بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پسی کے دونوں طرف درماندہ ٹریفک کو نکلانے کا عمل شروع کیا گیا ہے اور رات دیر گئے تک درماندہ تمام ٹریفک کو اپنی اپنی منزلوں کی طرف رواں کرنے کی امید ہے۔