نریندر مودی کی حکومت میں کسی کو بخشا نہیں جائے گا:امیت شاہ
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو پہلگام حملے میں ملوث ہر دہشت گرد کو پکڑنے کا عزم کیا اور کہا کہ ان سب کو اس گھنانے فعل کے لیے جوابدہ بنایا جائے گا۔شاہ نے زور دے کر کہا کہ نریندر مودی حکومت کسی دہشت گرد کو نہیں بخشے گی۔انہوں نے یہاں آسام کی بوڈو برادری کے بزرگ اوپیندر ناتھ برہما کے مجسمے کی نقاب کشائی کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں کہا”پہلگام میں، جس نے بھی بزدلانہ حملہ کیا ہے، ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے، ہم ہر ایک مجرم کو پکڑیں گے” ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مودی حکومت دہشت گردوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انہوں نے کہا، اگر کوئی یہ سوچتا ہے کہ وہ اس طرح کے بزدلانہ حملے سے بچ جائیں گے تو وہ غلط ہے، یہ نریندر مودی کی حکومت ہے، ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔شاہ نے کہا کہ حکومت کی دہشت گردی کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اس لعنت کا مکمل صفایا نہیں ہو جاتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’ اگر کوئی، بزدلانہ حملہ کرکے، یہ سمجھتا ہے کہ یہ ان کی بڑی جیت ہے، تو ایک بات سمجھ لیں، یہ نریندر مودی کی حکومت ہے، کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔ اس ملک کے ہر انچ سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہمارا عزم ہے اور اسے پورا کیا جائے گا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا ’’’’نہ صرف 140 کروڑ ہندوستانی بلکہ پوری دنیا اس لڑائی میں ہندوستان کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں دنیا کے تمام ممالک اکٹھے ہوئے ہیں اور ہندوستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘ وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے او ر واضح کیا کہ ’’ چن چن کے بدلہ لیں گے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کا ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم ہے۔