عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری میں چوہدری ناڑ سے اوجھان کو جانے والی سڑک کی خستہ حالی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ برسوں سے مرمت نہ ہونے کی وجہ سے یہ سڑک اب گڑھوں، کیچڑ اور نالوں میں تبدیل ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے اس پر سفر کرنا نہ صرف مشکل بلکہ خطرناک بھی ہو گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق، سڑک پر بڑے بڑے گڑھے بن چکے ہیں جن میں معمولی بارش کے بعد پانی بھر جاتا ہے اور گاڑیوں کا گزرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔ اسکول جانے والے طلبہ، مریض اور ملازمین روزانہ اس راستے سے گزرنے میں شدید پریشانی کا سامنا کرتے ہیں۔ موٹر سائیکل سواروں کیلئے یہ سڑک کسی عذاب سے کم نہیں جبکہ گاڑیاں اکثر خراب ہو جاتی ہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایا کہ چوہدری ناڑ تا اوجھان روڈ برسوں سے تعمیر اتی ایجنسی کی مجرمانہ غفلت کا شکار ہے۔ متعدد بار ضلع ترقیاتی کمشنر، ایگزیکٹو انجینئر اور منتخب نمائندوں کو اس جانب توجہ دلائی گئی، مگر تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ایک مقامی شہری نے کہاکہ ’یہ سڑک عوام کے لئے ایک بنیادی ضرورت ہے، مگر حکومت اور محکمہ کی عدم توجہی نے اسے تباہ و برباد کر دیا ہے۔ اگر کسی مریض کو ہسپتال پہنچانا ہو تو اس راستے سے گاڑی لے جانا موت کے منہ میں جانے کے مترادف ہے‘۔لوگوں نے الزام لگایا کہ ہر سال مرمت کے نام پر بجٹ جاری ہوتا ہے لیکن کام صرف فائلوں تک محدود رہتا ہے۔ سڑک کی حالت دن بدن خراب ہو رہی ہے اور حکومت کی ترقی کے دعوے صرف اشتہاروں تک محدود ہیں۔علاقہ کے عوام نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر تعمیرات عامہ سریندر چوہدری اور ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم سڑک کی فوری مرمت کے احکامات جاری کریں۔