جموں//کنٹریکچول لیکچراروں کی سلسلہ وار بھوک ہڑتال اوراحتجاج178ویں دن بھی جاری رہاتاہم ریاستی وزیر جنگلات وماحولیات نے ان عارضی لیکچراروں سے ملاقات کی اورانہیں ان کے مطالبہ پرسنجیدگی سے غورکرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران ملاقات کے دوران کنٹریکچو ل لیکچراروں نے ریاستی وزیر لعل سنگھ سے اپیل کی کہ حکومت کے آرڈر نمبر 1584 edu آف 2003 اور آرڈر نمبر 1328 آف جی ا ے ڈی کے تحت تعینات کئے گئے عارضی لیکچراروں کی خدمات نیاحکمنامہ جاری ہونے تک جاری رکھی جائیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت تعلیم یافتہ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔سراپااحتجاج خواتین لیکچراروں نے کہاکہ حکومت پیارکی زبان نہیں بلکہ پتھرکی زبان سمجھتی ہے۔مظاہرین نے کہاکہ یہ کیسی حکومت ہے جوایک طرف عالمی یوم خواتین منانے کیلئے تقاریب کااہتمام کرتی ہے اورساتھ ہی بیٹی۔بچائو۔بیٹی پڑھائو سکیم کے تحت لڑکیوں کی ترقی کے دعوے کرتی ہیں لیکن دوسری طرف لڑکیوں کواپنے حقوق کیلئے سڑکوں پرآکر احتجاج کرنے پرمجبورکیاجارہاہے۔ اس موقعہ پر سلسلہ واربھوک ہڑتال پربیٹھنے والے کنٹریکچول لیکچراروں میں محمداقبال، اشان مینی ، شفقت حسین شاہ، راکیش کھجوریہ، سریندرکمار، شپل سنگھ، کنچن بالا، ریوارانی، مادھوی شرما، سروج بالا، شلپارینہ ودیگران شامل ہیں۔