کولگام+اننت ناگ //کولگام کے بعد اب اننت ناگ اور چاڑورہ میں بھی خواتین کی پراسرار طور پر چوٹیاں کاٹنے کے واقعات رونما ہونے لگے ہیں۔بدھ کو کولگام چاڑورہ اوراننت ناگ میں پراسرار طور پر 8خواتین کے بال کاٹے گئے ۔اس دوران کولگام کے دمحال ہانجی پورہ میں شدید مظاہرے ہوئے۔ معروفہ اختر دختر غلام احمد گنائی ساکن یمرچھ کولگام کے بال کاٹے گئے جس کے بعد مذکورہ لڑکی کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ژمر دمحال ہانجی پورہ کولگام نامی گائوں میں مزید دو واقعات پیش آئے ہیں۔جہاں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا۔مقامی لوگوں کے مطابق صائمہ دختر محمد اقبال اور رینت اختر دختر نذیر احمد خان کے بال کاٹے گئے۔اس موقعہ پر مقامی لوگ جمع ہوئے اور انہوں نے دو افراد کو پکڑ لیا لیکن فورسز نے ہوائی فائرنگ کر کے انہیں چھڑانے کا الزام لگایا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بعد میں ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران یہاں پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔شام کے 8بجے ٹھوکر پورہ کیموہ میں جمیلہ بانو زوجہ منظور احمد بٹ دودھ لینے کیلئے گھر سے نکلی، اس دوران اُس پر سپرے کیاگیا اور وہ بے ہوش ہوگئی۔ جب راہ چلتے لوگوں نے اُسے اٹھایا تو اُس کے بال کاٹے گئے تھے۔ادھرمٹن کی رہنے والی ایک دسویں جماعت کی طالبہ سمیرا بانو اپنے گھر میں بیٹھی تھی تو اس دوران ایک شخص اُن کے گھر میں داخل ہوا اور پانی کا ایک گلاس مانگا ۔لڑکی کے مطابق اُس نے جیسے ہی اُسے پانی پینے کیلئے دیا تو اس دوران اُس پر سپرے پھینکی گئی اور پھر اُس کے بال کاٹے گئے ۔ایساہی واقعہ کہری بل مٹن میں پیش آیا۔یہاںچھٹی جماعت کی لڑکی ہاجرہ دختر فیاض احمد بخشی کے بال کاٹے گئے ۔ادھر براکہ پورہ نوگام اننت ناگ میں بھی نامعلوم افراد نے پراسرار طور پر ایک لڑکی کی چوٹی کاٹ دی ۔شہزادہ اختر زوجہ خورشید احمد کے مطابق وہ پانی لانے گھر کے قریب ایک نل پر گئی ہوئی تھی تو اس دوران اُس کے سامنے ایک نامعلوم شخص کھڑا ہو گیا جس نے اُس پر کوئی سپرے پھینک دی جس کے نتیجے میں وہ بے ہوش ہو کر زمین پر گر گئی ۔لڑکی کے مطابق جب اُسے ہوش آیا تو اُس کے بال زمین پر پڑے تھے ۔دریں اثناء ہانجی گنڈ چاڑورہ میں بدھ کی شام ایک عمر رسیدہ خاتون زبیدہ بیگم کے بال کاٹے گئے۔پولیس نے کہا ہے کہ انہیں بھی اس بات کی اطلاع دی گئی ہے لیکن ابھی وہ تصدیق نہیں کرسکتے۔