سرینگر // نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے گیسو تراشی کو ایک شرمناک حرکت سے تعبیر کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک گہری سازش ہے تاکہ کشمیری عوام کی حق و صداقت کی آواز کو دبایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی یہ سازشیں ہوتی رہیں ،اسلئے ہمیں متحد ہوکر ان سازشوں کو بے نقاب کرنے کی پُر امن کوشش کرنی چاہئے ۔ ڈاکٹر فاروق بارہمولہ کانی باغ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام خصوصاً وادی کشمیر کے لوگ اقتصادی بدحالی ، سیاسی بحران ، تباہ کن اور پُر آشوب دور سے گزر رہی ہے اور بدقسمتی سے حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔اس موقعہ پر ڈاکٹر کمال نے بھی خطاب کیا جبکہ کارگزار عمر عبداللہ ، چودھری محمد رمضان ، عبدالرحیم راتھر، جاوید احمد ڈار، غلام حسن راہی ، میر غلام محمد ساقی ، ایڈکیٹ شاہد علی اور دیگر لیڈران موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اس موقع پر سابق وزیر قانون شیخ محمد مقبول کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ۔