عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر کے کئی علاقوں میں گذشتہ ماہ سڑکوں سے مین ہولوں کی چوری کے بعد بیشتر علاقوں میں یہ مین ہول ابھی بغیر ڈھکن کے ہیں جس کی وجہ سے یہ مین ہول اب حادثات کا موجب بن رہے ہیں ۔کئی مقامات پر لوگوں نے ایسے مین ہول کے ارد گرد پتھر رکھ کربطور انتباہی نشان رکھے ہیں وہیں ریگل چوک، پرتاپ پارک اور ریذیڈنسی روڈ پر کئی مین ہول بغیر ڈھکن کے ہیں جس کی وجہ سے یہاں راہ گیروں کا عبور ومرور انتہائی خطر ناک بن چکا ہے ۔مقامی دکانداروں نے بتایا کہ گذشتہ ماہ رات کے دوران ان مین ہولوں کے ڈھکن چرائے گئے ہیں اور ایک ماہ گذر جانے کے بعد بھی ان مین ہولوں پر دوبار ڈھکن نصب نہیں کئے گئے ،جس کی وجہ سے آے روز حادثات پیش آنے کا احتمال ہے ۔گلزار احمد نامی ایک سیلز مین نے بتایا کہ گذشتہ دنوں ایک سکوٹی سوار کو اس وقت چوٹ آئی جب وہ لال چوک کی طرف جارہا تھا کہ ایک گاڑی کو سائیڈ دینے کے دوران اس کی سکوٹی مین ہول میں جاگری اور نہ صرف سکوٹی کو نقصان پہنچا بلکہ اس کی ٹانگ میں زخم آیا ۔دکانداروں نے بتایا کہ گذشتہ کئی دنوں سے ابتر موسمی صورتحال کے بعد یہ مین ہول زیادہ خطرہ بن چکے ہیں کیونکہ بارشوں کے دوران بغیر ڈھکن کے یہ مین ہول نظر نہیں آتے ہیں جس کی وجہ سے ان میں راہ گیروں کے گرنے کا خطرہ ہوتا ہے ۔کئی راہ گیروں نے بتایا کہ سڑک کنارے یہ مین ہول خطرے کی گھنٹی بن چکے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی بچہ ان کھلے مین ہولوں میں گر جائے تو انہیں شدید چھوٹ لگ سکتی ہے ۔عوامی حلقوں نے سرینگر میونسپل کارپوریشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ان مین ہولوں پر جلد از جلد ڈھکن لگا ے جائیں تاکہ حادثوں سے بچایا جاسکے۔