عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//ڈوگرہ سوابھیمان سنگھٹن پارٹی کے صدر چودھری لال سنگھ، جو جموں و کشمیر کے سرکردہ لیڈر اور ریاست کی مختلف حکومتوں میں وزیر رہ چکے ہیں، بدھ کو اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں شامل ہو گئے۔جموں و کشمیر کے کانگریس جنرل سکریٹری انچارج بھرت بھائی سولنکی، پارٹی کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج پون کھیڑا اور ریاستی کانگریس صدر نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہیں کانگریس پارٹی کی رکنیت دلائی۔مسٹر سولنکی نے اس موقع پر کہا کہ 2024 میں ایک بڑی سیاسی تبدیلی ہونے والی ہے اور کانگریس اکثریت کے ساتھ مرکز میں برسراقتدار آئے گی۔ سیاست میں جموں و کشمیر کا کردار اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر لال سنگھ چودھری کے کانگریس میں شامل ہونے سے یہ واضح ہے کہ جموں و کشمیر میں ایک بڑی سیاسی تبدیلی آنے والی ہے۔چودھری لال سنگھ نے کہا کہ انہوں نے وشنو دیوی میں پٹو فروشوں اور گھڑ سواروں پر عائد ٹیکس معاف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتفاق ہے کہ وہ جس پارٹی میں کھڑے ہوتے ہیں وہ اقتدار میں آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2004 میں جب بی جے پی کا شائننگ انڈیا کا نعرہ اپنے عروج پر تھا تو انہوں نے بی جے پی کو شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ لوگ ڈر کے مارے بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں، لیکن وہ ڈرے نہیں اور نہ کبھی ڈریں گے اور لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں الیکشن لڑنا آسان نہیں ہے۔ اس پر کئی حملے ہوئے اور وہ بار بار بچتے رہے۔ ایک حملے میں ان کے ساتھ آٹھ افراد مارے گئے لیکن وہ بچ گئے۔