جوہانسبرگ؍؍ کلرملر کے نام سے مشہور ڈیوڈ ملر (39) اور وکٹ کیپر بلے باز ہنرک کلاسین (43) کے بعد ایڈلے فھلکوایو (پانچ گیندوں پر ناٹ آوٹ 23 رن) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت جنوبی افریقہ نے چوتھے میچ میں ہندستان کو ہفتہ کو بارش سے متاثرہ مقابلے میں ڈک ورتھ لوئیس قانون کے تحت پانچ وکٹ سے شکست دے کر چھ میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1۔3 سے واپسی کر لی۔جنوبی افریقہ نے اس جیت کے ساتھ ہی سیریز میں اپنی توقعات کو برقرار رکھا ہے ۔ ہندستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سات وکٹ پر 289 رنز بنائے ۔ہندستان سے ملے 290 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان جنوبی افریقہ نے 7.2 اوور میں ایک وکٹ پر 43 رنز بنا لئے تھے اور تبھی بارش آگئی۔بارش کی وجہ سے کھیل تقریبا ڈیڑھ گھنٹے تک رکا رہا۔اس کے بعد جب کھیل دوبارہ شروع ہوا تو جنوبی افریقہ کو 28 اوور میں 202 رن کا نظر ثانی ہدف دیا گیا جسے جنوبی افریقہ نے 25.3 اوور میں پانچ وکٹ پر 207 رن بنا کر حاصل کر لیا۔ جنوبی افریقہ کے لئے ملر نے 28 گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 39 جبکہ کلاسین نے 27 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی بدولت 43 رنز بنائے ۔اس کے علاوہ چوٹ کے بعد چوتھے میچ میں واپس آئے اے بی ڈی ولیرس نے 18 گیندوں پر 26 رن میں ایک چوکا اور دو چھکے اڑایے ۔فھلکوایو نے پانچ گیندوں پر ایک چوکے اور تین چھکوں کے دم پر 23 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیل کر جنوبی افریقہ کی جیت یقینی بنا دی۔اس کے علاوہ ھاشم آملہ نے 40 گیندوں پر چار چوکوں کی بدولت 33 اور ایڈین مارکرم نے 23 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 22 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔جے پی ڈومنی نے 10 رن بنائے ۔ ہندستان کے لئے کلدیپ یادو نے 51 رن پر دو وکٹ، جسپریت بمراہ نے 21 رن پر ایک وکٹ، ہردک پانڈیا نے 37 رن پر ایک وکٹ اور یجویندر چہل نے 68 رن پر ایک وکٹ حاصل کئے ۔ کینسر کے تئیں لوگوں کو بیدار کرنے کے لئے جنوبی افریقہ چوتھے میچ میں گلابی جرسی میں اتری تھی۔جنوبی افریقہ نے اس سے پہلے چھ میچ گلابی جرسی میں کھیلے تھے جس میں وہ ناقابل شکست رہا تھا اور اس نے اپنے اس ریکارڈ کو یہاں بھی قائم رکھا۔ اس سے پہلے اوپنر شکھر دھون (109) کے کیریئر کے 100 ویں میچ میں بنائی گئی شاندار سنچری اور کپتان وراٹ کوہلی (75) کے درمیان دوسرے وکٹ کے لئے ہوئی 158 رنز کی سنچری شراکت کی بدولت ہندستان نے مقررہ 50 اوور میں سات وکٹ پر 289 رنز کا مضبوط اسکور بنایا۔بارش کی وجہ سے جنوبی افریقہ کو 28 رنز میں 202 رن کا نظر ثانی ہدف ملا جو اس نے 25.3 اوور میں پانچ وکٹ پر 207 رن بنا کر حاصل کر لیا۔ ہندستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔اوپنر روہت شرما ایک بار پھر ناکام رہے اور 13 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔کیگسو ربادا نے روہت کو اپنی ہی گیند پر کیچ کیا ۔ اس دورے پر ربادا اب تک چھ بار روہت کو آؤٹ کر چکے ہیں۔ روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان وراٹ کوہلی (75) اور شکھر (109) کے درمیان دوسرے وکٹ کے لئے 158 رن کی سنچری شراکت ہوئی۔اس سیریز میں وراٹ اور شکھر کے درمیان یہ مسلسل دوسری سنچری شراکت ہے ۔وراٹ ٹیم کے 178 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔ وراٹ نے 83 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے شاندار 75 رنز بنائے اور اپنے ون ڈے کیریئر کی 46 ویں نصف سنچری مکمل کی۔ شکھر نے اپنے 100 ویں ون ڈے میچ میں 13 ویں سنچری مکمل کی۔ شکھر دنیا کے نویں اور ہندستان کے پہلے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے اپنے 100 ویں ون ڈے میچ میں سنچری مکمل کی ہے ۔ ہندستان کا اسکور جب 34.2 اوور میں دو وکٹ پر 200 رن تھا تبھی میچ کو خراب روشني اور خراب موسم کی وجہ سے قریب آدھے گھنٹے کے لئے روک دیا گیا۔لیکن اس کے بعد جب کھیل شروع ہوا تو مورن مورکل نے شکھر اے بی ڈی ولیرس کے ہاتھوں کیچ کراکر ہندستان کو تیسرا جھٹکا دے دیا۔ شکھر کا وکٹ 206 کے اسکور پر گرا۔ شکھر نے 105 گیندوں پر 109 رن کی اپنی سنچری میں 10 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ رہانے نے 15 گیندوں پر آٹھ رن میں ایک چوکا لگایا۔اس کے علاوہ شریس ایئر نے 21 گیندوں پر دو چوکوں کی بدولت 18، ہردک پانڈیا نے 13 گیندوں پر ایک چوکے کے سہارے نو اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھوني نے 43 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 42 رنز کی مفید اننگز کھیلی۔ جنوبی افریقہ کے لئے ربادا نے 58 رن پر دو وکٹ، لونگیساني اینگدي نے 52 رن پر دو وکٹ، مورکل نے 55 رن پر ایک وکٹ اور کرس مورس نے 60 رن پر ایک وکٹ حاصل کئے ۔