عظمیٰ نیوز سروس
اننت ناگ//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود و تعلیم سکینہ ایتونے بدھ کووزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی کے ہمراہ اننت ناگ کا دورہ کیا اور ضلع میں جاری سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیر موصوفہ نے دورے کے دوران سنگم میں واقع فلڈ گیج سٹیشن کا معائنہ کیا، موجودہ پانی کی سطح کا جائزہ لیا اور محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے اَفسران سے تبادلہ خیال کیا۔ متعلقہ اَفسران نے انہیں پانی کے اخراج کی موجودہ صورتحال، ممکنہ پیشگوئیوں اور بروقت اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔اس موقع پروزیرسکینہ ایتو نے کہا کہ عوامی صحت اور حفاظت حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ دریاؤں کی سطح پر کڑی نظر رکھی جائے، چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہیں۔وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے مختلف محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی پر زور دیا تاکہ آفات سے نمٹنے میں مؤثر حکمت عملی اَپنائی جا سکے۔ اُنہوں نے ضلعی اِنتظامیہ اور مقامی عوام تک بروقت معلومات پہنچانے کی اہمیت اُجاگر کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔بعد میں وزیرموصوفہ اور مشیر موصوف نے ضلع ہیڈکوارٹر اننت ناگ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں اننت ناگ اور شوپیان اَضلاع کی سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں اَرکان قانون ساز اسمبلی الطاف احمد وانی، عبدالمجید لارمی، ریاض احمد خان اور ظفر علی کھٹانہ، ضلع ترقیاتی کمشنر اننت ناگ سیّد فخرالدین حامد، چیف اِنجینئر فلڈ کنٹرول کشمیر، اے ڈِی ڈِی سی، اے ڈِی سی، اے سی آر، اے سی ڈِی اننت ناگ، ایکسین پی ایچ ای بجیبہارہ، ایگزن فلڈ کنٹرول اننت ناگ، اے اِی ایز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ شوپیان کے اے ڈِی ڈِی سی اور متعلقہ افسران نے بذریعہ ورچیول موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔دورانِ میٹنگ وزیرسکینہ اِیتو نے اَفسران کو ہدایت دی کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جائے اور فیلڈ سٹاف و کنٹرول روموںکے درمیان تیز تر رابطے کو یقینی بنایا جائے۔ ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی گئی کہ کنٹرول روموں کے ذریعے ہر گھنٹے بعد عوام تک الرٹ جاری کریں تاکہ حساس علاقوں کے لوگوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔انہوں نے اَفسران کو ضروری راشن، پینے کے پانی اور دیگر اشیائے ضرورت کا وافر ذخیرہ رکھنے کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے محکمہ صحت کے حکام سے اَدویات کی دستیابی اور میڈیکل ٹیموں کی تیاری کو یقینی بنایا جائے اور نازک علاقوں میں موبائل میڈیکل ٹیمیں تعینات کی جائیں۔دوران میٹنگ وزیر سکینہ اِیتو اور مشیر ناصر اسلم وانی نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیموں کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور شہری اِنتظامیہ، پولیس اور مقامی رضاکاروں کے باہمی تعاون پر زور دیا۔ اُنہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرسکون رہیں لیکن احتیاطی تدابیر اِختیار کریں اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل تعاون کریں۔