حسین محتشم
پونچھ//گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی بڈھا امرناتھ شروع ہونے سے قبل چنڈک تا بڈھا امرناتھ سڑک کی مرمتی کا کام شروع کیا گیا ہے جس کیلئے حکومت کی جانب سے دو کروڑ روپے واگزار کئے گئے ہیںتاہم پونچھ کے سیاسی و سماجی شخصیات کا کہنا ہے کہ یہ رقومات بہت کم ہیں۔ اس سے سڑک پر پڑے ہوئے کھڈوں کی صرف پیچنگ ہو سکتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ منڈی کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ کیا جاتا ہے ان کو صرف بے وقوف بنایا جاتا ہے۔سیاسی و سماجی شخصیت ایڈوکیٹ آفتاب گنائی کا کہنا ہے کہ چنڈک تا بڈھا امرناتھ منڈی سڑک کی مرمتی کے لئے تقریبا 10 کروڑ روپے درکار ہیں پھر اس پر مکمل تارکول بچھایا جا سکے گا۔انہوں نے کہاکہ سرکار کی جانب سے صرف دو کروڑ روپیہ واگزار کیا گیا ہے جس سے صرف سڑک پر پڑے ہوئے گڈے بھرے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی لوگوں کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ منڈی تالورن اور منڈی تاساوجیاں سڑکوں کی بھی بری حالت ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ منڈی کے لوگوں کو اگلے دو سال تک اسی حالت میں اپنی زندگی گزارنی پڑے گی اور انہیں خستہ حال سڑکوں پر پریشان ہونا پڑے گا۔انہوں نے جموں کشمیر یو ٹی کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو وعدے عوام سے کئے گئے تھے ان کو پورا نہیں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا اگر منڈی میں بڈھا امرناتھ نہ ہوتا تو شاید یہ دو کروڑ روپیہ بھی واگزار نہیں کیا جاتا۔