جگہ جگہ کھڈے ڈرائیوروںاور مسافروں کیلئے پریشانی کا سبب
عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کے علاقہ چنڈک سے منڈی کی طرف جانے والی گیارہ کلو میٹر سڑک کی حالت اتنی ابتر ہے کہ اس سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے کھڈے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کو بہت مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔ بتا دیں کہ گزشتہ آٹھ برس سے سڑک کی یہی حالت ہے مگر انتظامیہ اور سرکار اس سڑک پر تارکول تک نہیں بچھاتی وہیں اس اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ سڑکیں لائف لائن ہیں لیکن جب وہ بدترین حالت میں ہوں تو ہم انہیں کیا کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چنڈک تا منڈی سڑک صرف خراب حالت میں نہیں ہے، یہ گڑھوں، نالیوں اور ٹوٹی ہوئی سطحوں کا انتظامیہ اور سرکار کے لئے شرم ناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کسی بھی گاؤں کو جانے والا راستہ بھی اس سڑک سے بہتر ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ اس سڑک کو صرف بڈھا امرناتھ یاترا کے دوران ہی ایک کاسمیٹک تبدیلی ملتی ہے اور وہ بھی ناقص معیار کے پیچ کام کے ساتھ جو بارش کے اگلے دنوں میں دھل جاتی ہے اور ہم بار بار ایک کھنڈر نما سڑک پر چلنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ مایوس کن بات یہ ہے کہ منڈی نے کئی سیاسی لیڈر پیدا کئے ہیں، پھر بھی یہاں کا بنیادی ڈھانچہ ابھی تک ٹھیک نہیں ہو سکا۔عام لوگوں اور مسافروں کا کہنا تھا کہ موجودہ ایم ایل اے، اعجاز جان اکثر اس سڑک پر سفر کرتے ہیں لیکن شائدانہیں اپنی اچھی کار میں آرام سے بیٹھتے ہوئے بھی عوامی مشکلات کا احساس نہیں ہورہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیا یہ وہی ترقی ہے جس کا ہم سے وعدہ کیا گیا تھا؟ عام لوگوں اور اس سڑک پر روزانہ سفر کرنے والے لوگوں نے ایم ایل اے اعجاز جان اور سرکار سے اپیل کی ہے کہ اس سڑک پر معیاری تارکول بچھایا جائے تاکہ وہ اس گیارہ کلو میٹر سڑک پر بہتر طریقے سے سفر کر سکیں۔