سرینگر/سرینگر کی انتظامیہ نے جمعرات کو دعویٰ کیا کہ پانی کی نکاسی کیلئے مخصوص پمپوں کو متحرک کیا گیا ہے تاکہ اُس پانی کی نکاسی عمل میں لائی جاسکے جو آج صبح سے ہوئی زور دار بارشوں سے جمع ہوا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جمع پانی کی نکاسی بہت جلد عمل میں لائی جائے گی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق پانی کی نکاسی کیلئے مخصوص پمپ متحرک کئے گئے ہیں ، باقی مشینوں کو بھی چالو کیا گیا ہے اور بہت جلد سبھی علاقوں سے پانی کی نکاسی ہوگی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سرینگر میں80نکاسی کے پمپوں اور115موبائیل مشینوں کو کام پر لگایا گیا ہے تاکہ جمع پانی کی نکاسی عمل میں لائی جاسکے۔
واضح رہے کہ آج صبح سے ہونے والی موسلا دھاربارش کے نتیجے میں سرینگر شہر میں ہر طرف پانی جمع ہوا ہے اور لوگوں کا عبور و مرور مشکل ہوگیا ہے۔شہر کے قلب لالچوک میں بھی بیکار ڈرینیج سسٹم کی وجہ سے بہت زیادہ پانی جمع ہوا ہے جس کے نتیجے میں گاڑیوں کی آمد ورفت بری طرح متاثر ہورہی ہے۔شہر کے راجباغ،جواہر نگر،کرن نگر علاقوں سے بھی سڑکوں اور رہائشی علاقوں کے اندرپانی جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کررکھی ہے کہ آنے والے دو دنوں تک بارشوں کا امکان ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ جھلسا دینے دینے والی گرمی کے بعد صبح سے ہونے والی بارشوں نے عوام کو راحت بخشی ہے تاہم اُن کیلئے پانی جمع ہونے کی تازہ مصیبت نے سر نکالا ہے۔