جموں// دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے کہا ہے کہ چند میڈیا چینلوں کی طرف سے غلط بیانی سے کشمیر میں مختلف طبقوں کے درمیان عدم اعتماد کو ہوا لگ رہی ہے۔وزیر نے ان خیالات کا اظہار نو ریہہ کے موقعہ پر کشمیر پنڈت سبھا کی طرف سے جموں میں منعقد میں کیا۔ تقرین میں ممبر اسمبلی عبدالمجید پڈر، ایم ایل سی یاسر ریشی، سینٹرل یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر پروفیسر اشوک آئمہ اور کے پی سبھا کے صدر کے کے کھوسہ بھی موجود تھے۔ وزیر نے کہا کہ دُوریوں کو کم کرنے کے بجائے چند میڈیا چینل اپنے سٹوڈیوز میں جنگی حالات پیدا کر رہے ہیں اور اس طرح کی غلط بیانی سے مختلف طبقوں کے درمیان عد، اعتماد کو ہوا لگ رہی ہے۔مختلف طبقوں کے مابین ہر سطح پر بات چیت پر زور دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ کوئی بھی شخص کشمیری پنڈتوں کو وادی واپسی کے خلاف نہیں ہے اور میڈیا کو دُوریوں کو کم کرنے میں اپنا رول ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنڈتوں کی ہجرت سے وادی کے مِلے جُلے کلچر کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت کا کوئی نعیم البدل نہیں ہے اور کشمیری پنڈتوں اور مسلمانوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ بات چیت کی ضرورت ہے تا کہ غلط فہمیوں کو دُور کیا جاسکے۔ وزیر نے کہا کہ نوریہہ وادی میں امن کی بھالی کا ضامن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی دِلی خواہش ہے کہ کشمیری پنڈت وادی واپس لوٹ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مائیگرینٹ طبقہ کے تمام معاملات کو حل کرنے کے لئے پُر عزم ہیں۔