عظمیٰ نیوز سروس
چندی گڑھ //چندی گڑھ یونیورسٹی نے ایک بار پھر باوقار قیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں متاثر کن پیش قدمی کرتے ہوئے 125ویں مقام پر پہنچ کر دنیا میں مجموعی طور پر 575واں مقام حاصل کیا اور دنیا بھر کی ٹاپ 2فیصد یونیورسٹیوں کی فہرست میں شامل ہو گئی ہے۔کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کی تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستان کی مجموعی درجہ بندی میں چندی گڑھ یونیورسٹی نے ملک کے تمام سرکاری اور نجی اداروں میں گزشتہ سال 18ویں رینک کے مقابلے میں 16واں رینک حاصل کیا ۔ ہندوستان کی تمام نجی یونیورسٹیوں میں، چندی گڑھ یونیورسٹی QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر ہے۔کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں 54ہندوستانی یونیورسٹیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، تمام سرکاری اور نجی اداروں میں 16کا آل انڈیا رینک چندی گڑھ یونیورسٹی کیلئے ایک اہم کامیابی ہے۔ یہ اس کی تعلیمی فضیلت، طالب علم کی کامیابی اور جدت کی عکاسی کرتا ہے۔ یونیورسٹی کی تازہ ترین درجہ بندی ہندوستان اور عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے ایک سرکردہ ادارے کے طور پر اس کی بڑھتی ہوئی ساکھ کو واضح کرتی ہے۔ چندی گڑھ یونیورسٹی نے 4300سے زائد پیٹنٹ جمع کئے ہیں اور حکومت ہند کے مطابق اسے ہندوستان کی پانچ اعلیٰ تحقیقی جامعات میں مستقل طور پر درجہ دیا گیا ہے۔