بارہمولہ//چندوسہ بارہمولہ کے کئی دیہات بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا ہے ۔ بانڈی بالا ، ناگہ بل ، نلسر اور تکیہ یوسف شاہ کے علاوہ کئی دیہات کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان دیہات میںسڑکیں ،پانی اور بجلی جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ ایک مقامی شہری سجاد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقے میں آج بھی سرکار ی طبی مرکز قائم نہیں ہے جس کی وجہ سے بیماروں کوضلع اسپتال بارہمولہ یا دیگر اسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے اور مریضوں و تیماداروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔انہوںنے بتایا کہ سرکار نے دہائیاں قبل بجلی کے کھمبے نصب کئے ہیں لیکن آج تک نئے کھمبے نہیں نصب کئے جارہے ہیں کیونکہ پرانے کھمبے کافی بوسیدہ ہوچکے ہیں اورکسی بھی وقت خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔لوگوں کے مطابق ان علاقوں کی سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں کیونکہ سرکار نے مکمل طور نظرانہیں انداز کیا ہے ۔ لوگوں کے مطابق بجلی کی آنکھ مچولی بھی روز کا معمول بن چکا ہے جس کے نتیجے میں عوام کے مشکلات میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بھی کافی دقتوں کا سامنا ہے کیونکہ یہاں کیلئے کوئی اسٹینڈ قائم نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ لوگوں نے کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کے افسران سے اس سلسلے میں مطالبہ کیا ہے تاہم ابھی تک کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں جلد از جلد بنیادی سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجا ت مل سکے۔