کامیاب حکمرانی کیلئے عوامی تعاون انتہائی ضروری:ڈاکٹر فاروق
سرینگر//نیشنل کانفرنس ان تمام وعدوں کو پورا کرے گی جو پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے کئے ہیں۔ بجلی فیس میں کمی ، پینے کے پانی کی باقاعدگی ، سریع الرفتار بھرتی عمل ، خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی مدد و اعانت ، ریاستی درجہ کی بحالی یا پھر خصوصی پوزیشن سے متعلق اسمبلی میں قرارداد اور بحالی کی جدوجہد ، نیشنل کانفرنس حکومت تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریگی اور عوام کی راحت رسانی میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ککر باغ زونی مر میں مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور مقامی ایم ایل اے تنویر صادق بھی موجود تھے۔ انہوں نے وہاں لوگو ںکے مسائل و مشکلات اور موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ان کا سدباب کرانے کی تاکید کی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس منشورمیں 12 ضمانتیں اور 24 وعدے شامل ہیں، جو عوام کی شکایات کو دور کرنے کیلئے روڈ میپ کے طور پرسامنے رکھا گیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت تمام وعدوں کو پورا کرنے کیلئے انتھک محنت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ10سال جموں وکشمیر کے عوام نے کٹھن حالات کا سامنا کیا ، دھونس و دبائو اور ظلم و ستم سہا۔لوگوں نے دھونس و دبائو اور خوف و ہراس کے باوجود اپنی آبائی جماعت نیشنل کانفرنس کو شاندار کامیابی سے ہم کنار کیا، جس کیلئے ہم عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حکومت کے قیام سے لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے، لوگ زمینی سطح پر تبدیلیاں محسوس کررہے ہیں اور ہمیں ہر حال میں لوگوں کی راحت کیلئے کام کرنا ہے۔ امید ہے لوگوں کی نہ صرف بجلی کی سپلائی میں بہتری دیکھنے کو ملے گی بلکہ حکومت فیس میں کمی کا بھی فیصلہ جلد ہی کرے گی۔ ایسے ہی بے روزگاری سے نمٹنے کیلئے سریع الرفتار بھرتی عمل شروع کیا جائے اور سالہاسال سے مختلف محکموںمیں معمولی اجرتوں پر کام کررہے ڈیلی ویجروں کی مستقلی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کامیاب حکمرانی کیلئے عوامی تعاون انتہائی لازمی ہے اور مجھے اُمید ہے کہ عوام نومنتخب حکومت کو بھر پور اشتراک دیں گے۔ دریں انثاء ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے آج ایس ایم ایچ ایس ہسپتال جاکر اتوار کو سنڈے مارکیٹ میں گرینیڈ دھماکے میں زخمی ہوئے افراد کی عیادت کی اور ڈاکٹر صاحبان کو زخمیوں کو بہتر علاج و معالجہ فراہم کرنے کی تاکید کی۔