عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ہندوستانی فوج کی چنار کور نے 2 فوجیوں، لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کو خراج عقیدت پیش کیا جو جنوبی کشمیر کے گڈول کوکر ناگ کے کشتواڑ رینج میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران شدید موسمی حالات کے باعث مارے گئے تھے۔چنار کور نے جمعہ کو ایکس پر پوسٹ کیاکہ چنار کور بہادر لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، جو کوکرناگ کے کشتواڑ رینج میں اپنی جانیں گنوابیٹھے۔ان کی ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے، فوج نے متاثرہ خاندانوں کیساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو2 فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے بادامی باغ چھاؤنی میں فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے طور پر تابوتوں پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔سنہا نے کہا’’ میں اپنی فوج کے بہادروں لانس حوالدار پالاش گھوش اور لانس نائیک سوجے گھوش کی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ قوم ہمارے سپاہیوں کی مثالی بہادری اور بے لوث خدمات کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہے گی۔