عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/فوج کی پندرہویں کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرشانت شریواستو نے منگل کے روز شمالی کشمیر میں انسداد دہشت گردی کے لیے قائم سیکورٹی نیٹ ورک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں آپریشنل تیاریوں، موجودہ سیکورٹی صورتحال اور فورسز کی جنگی تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
فوجی کمانڈر نے جوانوں سے بات چیت کے دوران آپریشنل مہارت، اسٹریٹجک بصیرت اور مسلسل تربیت کی اہمیت پر زور دیا تاکہ ابھرتے ہوئے خطرات کا مؤثر اور بروقت مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید نوعیت کے خطرات کے پیش نظر ہر اہلکار کی مکمل چوکسی اور ہنر مندی ضروری ہے تاکہ علاقہ میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ نے جوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ عسکری حکمت عملی اور تربیت کی باقاعدگی کے ذریعے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملانا ممکن ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہر فوجی کو اپنی ذمہ داریوں کا بخوبی احساس رکھتے ہوئے کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔
چنار کور کمانڈر نے شمالی کشمیرمیں آپریشنل تیاریوں اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا
