سرینگر//کشمیر میںثقافتی ورثے چنار کے تحفظ کیلئے غیر معمولی اقدامات کے تحت وادی کے طول وعرض میں چنار شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔سرینگر میں امداد ،باز آبادکاری ،تعمیر نو اور پھولبانی کے وزیر جاوید مصطفیٰ میر نے ایمپوریم گارڈن میں چنار کا پودا لگاکرمہم کا آغاز کیا۔اس سلسلے میں محکمہ پھولبانی کی طرف سے منعقدہ تقریب میں وزیر موصوف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب کا موضوع تھا’’چنار کا پیڑ لگائو،امید بڑھائو‘‘ تقریب میں ناظم پھولبانی کشمیر اور محکمہ کے دیگر آفیسران کے علاوہ کئی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔اس موقعہ پر جاوید مصطفیٰ میر کو بتایاگیا کہ محکمہ کی طرف سے ہر سال 15مارچ کو چنار کے پودے لگانے کیلئے شجرکاری مہم شروع کی جارہی ہے اور لوگوں اورمختلف سرکاری محکموں میں 10ہزار چنار کے پودے مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ وادی بھر میں زیادہ سے زیادہ چنار کے پیڑ لگائے جائیں۔ادھربانڈی پورہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر نے منی سیکریٹریٹ کے احاطے میں چنار کا ایک پودا لگاکر چنار شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔اس موقعہ پر انہوںنے کہا کہ سکول اورسرکاری محکموں میں 250چنار کے پودے مفت تقسیم کئے گئے ہیں ۔انہوںنے ضلع میں زیادہ سے زیادہ چنار کے پیڑ لگانے پر زوردیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر ناصر نقاش نے گورنمنٹ ڈگری کالج بائز میں مہم کا آغاز کیا۔اس مہم کے تحت محکمہ پھولبانی کی طرف سے ضلع کے مختلف علاقوں میں چنار کے پودے لگائیں جائیں گے۔محکمہ پھولبانی کی طرف سے ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس شوپیان میں شجرکاری مہم کا آغاز کیا گیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز نے شجرکاری کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگو ں پرزیادہ سے زیادہ چنار کے پودے لگانے کے لئے زوردیا۔ہندوارہ اورکپوارہ میں چنار شجرکاری مہم کے سلسلے میں منعقدہ ایک تقریب میں اے ڈی سی ہندوارہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔اس موقعہ پر گورنمنٹ ڈگری کالج ہندوارہ کے احاطے میں چنار کا ایک پودا لگایا گیا۔اُدھر وادی کے دیگر علاقوں میں بھی اہم مقامات پر چنار کے پودے لگائے گئے۔