عظمیٰ نیوز سروس
جموں // سینئر بی جے پی لیڈر دیویندر سنگھ رانا نے نوجوان طلباء کے لئے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں سبقت حاصل کرنے کیلئے آسمان کو ایک حد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اساتذہ، طلباء اور والدین کے درمیان باہمی تعلق کو بڑھا کر اسے حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔چناب ویلی پبلک اسکول کے 14 ویں سالانہ دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیویندر رانا نے کہا کہ اس طرح کا باہمی تعلق بنیادی اسکولنگ کی سطح پر زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔موصوف نے والدین کو خاص طور پر اساتذہ کے ساتھ متواتر بات چیت کرنے کی تلقین کی تاکہ وہ اپنے بچوں کی ترقی کو مستقل بنیادوں پر مانیٹر کریں۔ اس مقصد کے لئے انتظامیہ کو تیزی سے بدلتی ہوئی مسابقتی دنیا کی ضروریات کے مطابق بچوں کی تقدیر سنوارنے کے لئے بہترین تعلیمی معیارات کو برقرار رکھنا ہو گا۔رانا، جو کہ سالانہ دن کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے، نے تعلیم کے پھیلاؤ میں پرائیویٹ اسکولوں کے کردار کی تعریف کی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کی کوششوں سے دیہی علاقوں میں خواندگی کی اعلیٰ سطح حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ غور طلب ہے کہ تقریب کی مرکزی توجہ پانی بچاؤ، زندگی بچاؤ، قومی یکجہتی اور بیٹی بچاؤ کے تھیم پر رقص پرفارمنس تھی۔ کنڈرگارٹن سیکشن کے چھوٹے بچوں نے بھی فٹ ٹیپنگ ڈانس نمبرز پر پرفارم کیا۔چیئر مین رچھپال سنگھ نے ادارے کی کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔اس دوران تعلیمی میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ۔