یواین آئی
بارہ بنکی// اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ موجودہ لوک سبھا الیکشن رام بھکتوں اور رام مخالفین کے درمیان ہورہا ہے جس میں عوام نریندر مودی کو ایک بار پھر وزیر اعظم بنانے جارہے ہیں۔ حیدر گڑھ کے گرامانچل انٹرکالج کے میدان میں منعقد انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ کے انتقال پر جن لوگوں نے خراج عقیدت نہیں دیا، وہ ابھی کچھ دن پہلے ایک مافیا کی موت پر آنسو بہانے گئے تھے۔ ان لوگوں کو بہن۔بیٹیوں سے مطلب نہیں ہے۔ غریب سے مطلب نہیں ہے۔ یہ لوگ دہشت گردوں پر سے مقدمہ واپس لینے والے لوگ ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ کانگریس اور ایس پی کے لوگوں نے مسلمانوں کو ایس سی، او بی سی کے کوٹے سے ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا تھا جس کی مخالفت بی جے پی نے کی۔ یہ لوگ دلت، او بی سی کے حق مسلمانوں کو دینا چاہتے تھے۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا’راہل گاندھی آج کہتے ہیں کہ ایک جھٹکے میں غریبی ہٹا دیں گے۔ 65سال میں کچھ نہیں کر پائے تو ایک جھٹکے میں کیسے کریں گے۔ ایک صحافی نے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ ہم لوگوں کی ملکیت کا سروے کرائیں گے۔ کانگریس اور ایس پی کے غنڈے آپ کے آبا و اجداد کی جائیداد اور خون پسینے کی کمائی چھیننا چاہتے ہیں۔بارہ بنکی کے لوگوں کو بھگرام رام کی نگری اجودھیا کا پڑوسی بتاتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ جیسی ترقی اجودھیا میں ہورہی ہے ویسی ہی بارہ بنکی میں بھی ہوگی۔