عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
سرینگر/ہندوستان اپنے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے میچ یو اے ای میں کھیلے گا اور ہندوستان و پاکستان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بھی 23فروری کو وہیں پر کھیلا جائے گا۔ یہ فیصلہ اگرچہ وسیع پیمانے پر متوقع تھا تاہم پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی کی پاکستان میں شیخ نہیان المبارک سے ملاقات کے بعد حتمی شکل دی گئی۔شیخ نہیان متحدہ عرب امارات کے سینئر وزیر اور امارات کرکٹ بورڈ کے سربراہ بھی ہیں۔پی سی بی ترجمان عامر میر نے کہا، ’’پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے لئے یو اے ای کو غیر جانبدار مقام کے طور پر منتخب کیا ہے۔‘‘پاکستان اور بھارت کے درمیان لیگ کا میچ 23 فروری بروز اتوار کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کے علاوہ بھارت کے گروپ میں دیگر دو ٹیمیں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ ہیں۔ بھارت کا مقابلہ 20 فروری کو بنگلہ دیش اور 2 مارچ کو نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ یہ تمام گیمز دبئی میں ہونے کا امکان ہے۔دفاعی چیمپئن پاکستان 19فروری کو کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گا۔ پاکستان کا آخری لیگ میچ بنگلہ دیش کے خلاف 27 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ ہائبرڈ ماڈل کو اس وقت حتمی شکل دی گئی جب اس میں شامل فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بدلے میں، 2027 تک ہندوستان کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے میچ بھی غیر جانبدار مقام پر ہوں گے۔ تمام صورتوں میں، ناک آؤٹ گیمز جیسے کہ سیمی فائنل اور فائنل بھی نیوٹرل مقامات پر منعقد کیے جائیں گے۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنزٹرافی ایونٹ میں بھارت پاکستان فائنل میں گئے تو نیوٹرل مقام پر میچ ہوگا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور وہاں جاری کاموں کا معائنہ کیا۔ سربراہ پی سی بی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آئندہ 3 سال میچز نیوٹرل وینیو پر ہونگے، بھارت کے ایونٹ میں اگر پاکستان بھی فائنل میں پہنچا تو نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا۔