لاہور//پاکستان کرکٹ بورڈ نے حارث سہیل کو عمر اکمل کی جگہ چمپئنز ۔ٹرافی کے لئے پاکستانی سکواڈ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ٹرینر کی رپورٹ پر کیا گیا جنھوں نے منگل کو حارث سہیل کے علاوہ عمر امین اور آصف ذاکر کے بھی فٹنس ٹیسٹ لئے تھے۔بیان کے مطابق عمر اکمل کو فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد وطن واپس آنے کے لئے کہہ دیا گیا ہے۔عمر اکمل چمپئنز ٹرافی سے قبل برمنگھم میں پاکستانی ٹیم کے کیمپ کے دوران دو دن میں لئے گئے دو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں جس کے بعد انھیں وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ان کی جگہ لینے کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے ان تینوں کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کے لئے طلب کیا تھا۔آئی سی سی کے قواعد وضوابط کے مطابق ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو 25 مئی تک اپنے سکواڈ میں ردوبدل کی اجازت ہے۔حارث سہیل 22 ون ڈے اور چار ٹوئنٹی 20انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن فٹنس مسائل سے دوچار ہونے کی وجہ سے وہ مئی 2015 کے بعد سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیل سکے ہیں۔حال ہی میں راولپنڈی میں منعقدہ پاکستان کپ میں انھوں نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کا آغاز یکم جون کو ہوگا اور پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ چار جون کو بھارت کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلے گی۔چیمپئنز ٹرافی سے قبل ٹیمیں وارم اپ میچ بھی کھیل ر ہی ہیں۔پاکستانی ٹیم بدھ کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی جبکہ اس کا دوسرا وارم اپ میچ 27 مئی کو آسٹریلیا کے خلاف ہوگا۔