ایجنسیز
نئی دہلی/آئندہ سال سے مزید ایک ’ٹی 20 لیگ‘ کا مزہ کرکٹ شیدائیوں کو مل سکتا ہے۔ حالانکہ یہ ’ٹی-20 لیگ‘ ایک پرانے ٹورنامنٹ کی ہی دوسری شکل ہوگی۔ ’دی کرکٹر‘ کے مطابق ’چمپئنز لیگ ٹی-20‘ آئندہ سال ’دی ورلڈ کلب چمپئن شپ‘ کے نام سے جانی جائے گی۔ اس ٹورنامنٹ کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں وہ ٹیمیں کھیلیں گی جو دنیا کی باقی ٹی-20 لیگ، مثلاً آئی پی ایل، بی بی ایل، سی پی ایل، پی ایس ایل، ایس اے 20اور دی ہنڈریڈ کی چمپئن ہوں گی۔ یعنی پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) میں کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑیوں کا ہندوستانی کھلاڑیوں سے آمنا سامنا بھی ہونے کا پورا امکان ہے۔سامنے آئی رپورٹ کے مطابق دی ورلڈ کلب چمپئن شپ سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ ہونا باقی ہے۔ بی سی سی آئی اور ای سی بی کی اس ٹورنامنٹ کی منظوری کے لئے آئی سی سی چیئرمین جئے شاہ کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی اس بات چیت کا کوئی مثبت نتیجہ سامنے آئے گا، اور ایک ایسے ٹورنامنٹ کو دیکھنے کا موقع ملے گا جس میں دنیا بھر کی ٹی-20 لیگ چمپئن ٹیموں کا مقابلہ ہوگا۔قابل ذکر ہے کہ چمپئنز لیگ ٹی-20 کی شروعات پہلی مرتبہ 2009 میں کی گئی تھی۔ یہ ٹورنامنٹ 2014 تک کھیلا گیا، لیکن پھر اسپانسرشپ ملنے کی جھنجھٹ اور اس کی خراب ٹی آر پی کے سبب اس پر پابندی لگا دی گئی۔ آئی پی ایل کی طرح چنئی سپرکنگز اور ممبئی انڈینز نے چمپئنس لیگ ٹی-20 میں بھی اپنے دبدبہ کی کہانی لکھی ہے۔ چنئی سپرکنگز نے مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں 2 مرتبہ چمپئنس لیگ ٹی-20 کا خطاب جیتا ہے۔ انھوں نے 2010 اور 2014 میں اس ٹورنامنٹ پر قبضہ کیا۔ ممبئی انڈینز نے بھی 2 مرتبہ اس ٹورنامنٹ کو اپنے نام کیا۔