محمد تسکین
بانہال // بانہال کے چملواس علاقے میں منگل اور بدھ کی آدھی رات کو پیش آئی آگ کی ایک ہولناک واردات میں سات رہائشی مکان مکمل طور سے جل کر راکھ ہوگئے ہیں اور آگ کی اس وارادت میں متاثرہ کنبوں کا لاکھوں روپئے کا مال و اسباب مکمل طور سے خاکستر ہوگیا ۔آگ کی یہ واردات منگل کی رات قریب بارہ بجے رونما ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے سید پورہ کی گوجر بستی کو اپنی لپیٹ میں لے گئی۔آتشزدگی کی اس واردات کی اطلاع موصول ہوتے ہی بانہال سے پولیس ، فائر سروسز اور رضاکار تنظیم بانہال والنٹیرس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر سخت مشقت کے بعد سڑک سے تین سو فٹ نیچے آگ کو قابو کیا اور مزید گھروں کو آگ کی لپیٹ میں آنے سے بچا لیا۔ خطہ افلاس سے نیچے زندگی بسر کرنے والے گوجر طبقے کی ان متاثرین کی شناخت محمد یوسف شاہ ، الطاف احمد شاہ، گلزار احمد شاہ، مشتاق احمد شاہ، شبیر احمد شاہ، جماعت علی شاہ اور غلام نبی شاہ تمام ساکنان سید پورہ چملواس بانہال کے طور کی گئی اور وہ تن پر لگے کپڑوں کے سوا کوئی بھی چیز اپنے جلتے گھروں سے بچا نہیں پائے ہیں۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ انہیں آگ کی اس واردات کے بارے میں رات بارہ بجے اسوقت علم ہوا جب دو رہائشی مکان جل رہے تھے اور دیکھتے ہی دیکھتے مزید پانچ مکان اس کی لپیٹ میں آگئے ۔ انہوں نے کہا کہ رات کے عالم میں متاثرہ کنبے اپنے بچوں کو ہی بچا کر باہر لے گئے اور وہ اپنے گھروں سے تن پر لگے کپڑوں کے سوا کچھ بھی نہیں بچا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک متاثرہ کنبے کے بیٹے کی شادی تھی اور اس کیلئے نقدی رقم اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ رام بن سے بھرپور مدد کی اپیل کی ہے ۔