جموں//پشو و بھیڑ پالن، ماہی پروری و ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے مویشیوں کے پالنے والوں کو بہتر معاوضہ فراہم کرنے کیلئے منظم طریقہ کار قائم کرنے کے اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا ۔ ان باتوں کا اظہار ڈاکٹر سامون نے کٹھوعہ ضلع میں افسروں اور کسانوں کے ساتھ ایک روزہ دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ دورے کے دوران ڈاکٹر سامون نے راج باغ گوٹ فا رم کا دورہ کیا اور بکریوں کو پالنے کے سلسلے میں اپنائے جا رہے طریقہ کار کی تفصیلات طلب کیں ۔ انہوں نے فارم کے مختلف سیکشنوں کا معائینہ کیا اور فارم میں اعلیٰ اقسام کی بکریوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بکریوں کے پالنے کا پیشہ ضلع میں کئی طبقے اپنا رہے ہیں اور اس سلسلے میں چھوٹے کسانوں کو اس پیشے کی طرف راغب کرنے کی بڑی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بکریوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کے باوجود کسانوں کو آمدنی میں زیادہ اضافہ نہیں ہو رہا ہے کیونکہ ان کسانوں کو جدید طریقے اپنانے کے سلسلے میں جانکاری پوری طرح فراہم نہیں کی گئی ہے ۔ڈاکٹر سامون نے اپنے دورے کے دوران ہیرا نگر کے ویٹر نری ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب دوائیوں و دیگر سہولیات کا جائیزہ لیا ۔