سرینگر میں سیاح کی موت، پولیس کانسٹبل دل کا دورہ پڑنے سے فوت
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اونتی پورہ کے چرسو علاقے میں تیز رفتار کار کی زد میں آکر ایک راہگیر جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق ایک سوئفٹ کار نے چرسو میں پٹرول پمپ کے قریب ایک پیدل چلنے والے کو ٹکر مار دی جس سے وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔انہوں نے بتایا کہ زخمی شہری جس کی شناخت غلام محمد بٹ عرف گل متو ولد ولی محمد اور چر سوکے بطور ہوئی کو فوری طور پر پی ایچ سی اونتی پورہ منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے کہا کہ حادثے سے متعلق کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ اس دوران ترال کی ایک خاتون جمعرات کو چرسو اونتی پورہ کے قریب موٹر سائیکل کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔اس کا پہلے پی ایچ سی اونتی پورہ میں علاج کیا گیا اس سے پہلے کہ اسے تشویشناک حالت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔اس کی شناخت خدیجہ زوجہ عبدالمجید بٹ ساکن منڈورا ترال کے بطور ہوئی ہے۔دریں اثنا ء اننت ناگ کے پہلگام میں ایک المناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی جان چلی گئی۔ اننت ناگ کے بٹنگو کے رہنے والے 21 سالہ شاکر کی بدھ کی رات موٹرسائیکل حادثے کا شکار ہونے کے بعد موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اسے فوری طور پر جی ایم سی اننت ناگ لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ ادھر مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا سیاح سرینگر میں بے ہوش ہونے کے بعد موت کی آغوش میں چلا گیا ۔ ادھر سی ٹی سی لیتہ پور ہ میں جمعرات کو ایک پولیس اہلکار کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ پولیس اہلکار کی شناخت سلیکشن گریڈ کانسٹیبل چرنجیت سنگھ کے طور پر کی گئی ہے، جو سانبہ ضلع، جموں کا رہائشی ہے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے۔