سرینگر //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ تاریخی چرار شریف قصبہ کی کلہم ترقی کے لئے جامع منصوبہ مرتب کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چرار شریف قصبہ برصغیر کی مخلوط ثقافت میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ صوفی سنت شیخ نور الدین نورانی ؒ کی تعلیمات آج کے دور میں بھی کافی اہمیت کی حامل ہیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے اس کا اظہار جموں و کشمیر ہاوسنگ بورڈ کی جانب سے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جا رہے علمدار شاپنگ کمپلیکس پر جاری کام کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی میٹنگ میں کیا ۔ شاپنگ کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ 103 دکانوں پر مشتمل ہو گا ۔ ڈاکٹر سنگھ نے افسران کو مجوزہ شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر کی رفتار میں سرعت لانے کیلئے کہا تا کہ قصبہ میں تاجر طبقے اور صنعتکاروں کیلئے مطلوبہ پلیٹ فارم دستیاب رکھا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس تاریخی قصبہ کی جامع ترقی کو یقینی بنانے کیلئے پُر عزم ہے تا کہ اسے ملک کے ماڈل قصبے کے طور ترقی دی جا سکے ۔؎ انہوں نے کہا چونکہ یہ قصبہ وادی کے ایک بلند پایہ بزرگ صوفی کا مسکن ہے جنہوں نے سماج کے مختلف طبقوں اور مذاہب کے مابین باہمی بھائی چارے اور امن و آشتی کا پرچار کیا ہے اس لئے اس قصبہ کی اہمیت کئی گنا زیادہ ہے اور اس کی اہمیت کو قایم رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔