لوگ گوردوارے سے پانی بھرنے پر مجبور،سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ،انتظامیہ لاتعلق
کیف حسن زیدی
جموں // چاند نگر، گلی نمبر 66بالمقابل جموںوکشمیر بنک اور مئی فیئر ہائرسکینڈری سکول کے سامنے چاند نگرکی رہائشی گلی کی حالت زار پر مقامی شہری برہم ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں پینے کے پانی کی پائپ لائن اور گٹر کی لائن آپس میں جُڑی ہوئی ہیں۔ دونوں جگہ سے پانی رس رہا ہے، جس کے سبب پینے کا پانی بھی آلودہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ پینے کے لیے قریبی گوردوارے سے پانی بھرنے پر مجبور ہیں۔ شہری سوال کرتے ہیں کہ آخر اس پانی سے نہائیں یا پئیں؟ گندے پانی سے بچنے کے لیے لوگ قریبی گوردوارے سے پینے کا پانی بھر کر لاتے ہیں۔لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب بھی کسی کو گندگی کے بارے میں بتاتے ہیں، تو وہ دیکھ کر چلا جاتا ہے۔ انتظامیہ صرف وعدے کرتی ہے لیکن عمل درآمد نہیں ہوتا۔دوسری جانب گٹر کے بالکل سامنے کی نالی مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث گندا پانی جمع ہو کر بدبو پھیلا رہا ہے۔ کچرے کے ڈھیر بھی نالی کے ساتھ جمع ہوئے ہیں جو بیماریوں کو دعوت دے رہے ہیں۔ علاقے میں صرف اس وقت صفائی ہوتی ہے جب سال میں دو بار گروپورب کا تہوار آتا ہے، بصورت دیگر حالت جوں کی توں رہتی ہے۔شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ صورتحال گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے برقرار ہے اور گلی کا حال دن بہ دن بدتر ہوتا جا رہا ہے۔ سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور گڈھوں میں تبدیل ہو چکی ہے، جو راہگیروں اور گاڑیوں دونوں کے لیے خطرناک بن چکی ہے۔علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر گندے پانی کے مسئلے کو حل کیا جائے،بند نالی کی صفائی کی جائے،سڑک کی مرمت کی جائے،علاقے میں مستقل بنیادوں پر صفائی ستھرائی کا انتظام کیا جائے،اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو یہاں صحت کے بڑے بحران جنم لے سکتے ہیں۔سڑک کی کرابی کی وجہ سے سکول جانے والے بچوں کو شدید پریشانی، بارش میں کپڑے بھیگ کر خراب ہو جاتے ہیں۔مقامی رہائشیوں نے یہ بھی شکایت کی کہ گلی کی خستہ حالی کے باعث سکول جانے والے بچوں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خراب سڑک اور جمع شدہ پانی کے سبب نہ صرف ان کا چلنا دوبھر ہو جاتا ہے بلکہ بارش کے دنوں میں ان کے کپڑے بھی کیچڑ اور گندگی سے خراب ہو جاتے ہیں، جس سے بچوں کی صحت اور تعلیم دونوں متاثر ہو رہی ہیں۔ والدین شدید تشویش میں مبتلا ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ انتظامیہ فوری کارروائی کرے۔عوام نے جموں میونسپل کارپوریشن، اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد ان معاملات پر مزید دھیان دیں اور انہیں درست کرنے کا عمل شروع کریں۔