کپوارہ//چار سال قبل ریاستی سرکار نے سرحدی ضلع کپوارہ کے دور دراز علاقوں کرالہ پورہ اور ترہگام کے لئے عدالتو ں کے قیام کو منظوری دی اور اس کے لئے با ضباطہ طور افرادی قوت کو بھی منظوری دی لیکن 4سال گزر نے کے با وجود بھی ان عدالتو ں کوان مقامات پر قائم نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں ان علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگو ں کو سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑتا ہے ۔کرالہ پورہ کے لوگو ں نے بتا یا کہ اُ س وقت کی ریاستی سرکار نے لوگو ں کی دیرینہ مانگ کو پورا کرتے ہوئے یہا ں منصف کورٹ کو منظوری دی تھی لیکن آج تک کرالہ پورہ میں کام شروع نہیں کیا گیا ۔اس دوران ترہگام کے لوگو ں نے بتا یا کہ ریاستی سرکار نے 4سال قبل ترہگام میں سب عدالت کو منظوری دی اور اس کے لئے جو ڈیشل مجسٹریٹ کو بھی تعینات کیا گیا لیکن نا معلوم وجوہات کی بنا پر یہ عدالت بھی کپوارہ میں ہی اپنا کام کاج چلاتی ہے ۔کرالہ پورہ اور ترہگام کے لوگو ں نے ریاستی سرکار بالخصوص قانو ن و انصاف کے وزیر عبد الحق خان سے مطالبہ کیا کہ لوگو ں کے مشکلات کا ازلہ کرنے کے لئے ان عدالتو ں کو اپنے اپنے علاقوں میں منتقل کیا جائے۔