شاہ نواز
ریاسی// محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی کے مطابق، چار روز سے جاری موسلادھار بارشوں کے بعد جمعہ کو دوپہر کے وقت موسم میں بہتری آئی، جس سے علاقے کے باشندوں نے کچھ راحت کی سانس لی تاہم، ان چار روز کی مسلسل بارشوں کے نتیجے میں ضلع ریاسی کے سب ڈویژن درماڑی اور سب ڈویژن مہور میں متعدد سڑک رابطے منقطع ہوگئے ہیں، جس سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔سب ڈویژن مہور اور درماڑی کو ضلع صدر مقام سے جوڑنے والی اہم سڑک، مہور ارناس ریاسی گریف سڑک، درماڑی (دامن) کے مقام پر پسیاں گرنے کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس سے دونوں سب ڈویژنوں کا ضلع صدر مقام سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ اس کے علاوہ، مہور سے گول گریف سڑک بھی دگن ٹاپ کے مقام پر برفباری کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند ہو گئی ہے، جس سے علاقے کے لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب، انگرالہ سے گلاب گڑھ جانے والی سڑک بھی کئی مقامات پر پسیاں اور پتھر گرنے کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس سے اس علاقے کے باشندوں کو بڑی پریشانی کا سامنا ہے۔ گلاب گڑھ سے جانے والے لوگوں نے نمائندے کو فون پر اطلاع دی کہ ان کے رہائشی مکانوں کو بھی موسلادھار بارشوں کے باعث نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔متاثرہ افراد میں نور دین ملک ولد غلام محمد ملک ساکن ٹکسن، عمران احمد ولد شمس دین ساکن انگرالہ، شوکت علی ولد محمد ایوب ساکن انگرالہ تحصیل مہور، اور محمد غفور ولد دین محمد ساکن ٹھلو تحصیل تھرو درماڑی شامل ہیں۔ ان افراد نے موسلادھار بارشوں کے دوران ہونے والے نقصانات کے حوالے سے متعلقہ انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ انہیں جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی تعمیرات اور روزمرہ کے کاموں کو دوبارہ شروع کر سکیں۔موسلادھار بارشوں کے باعث درختوں اور بجلی کے کھمبوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، جس کی وجہ سے علاقے میں بجلی کی فراہمی میں خلل آیا ہے۔ انتظامیہ نے بارشوں کے دوران ہونے والے نقصانات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد متاثرہ علاقوں تک رسائی حاصل کریں اور ضروری امداد فراہم کریں۔یہ موسم کی شدت اور بارشوں کے باعث علاقے میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں، اور مقامی لوگ انتظامیہ سے فوری اقدامات کی توقع رکھتے ہیں تاکہ ان کی مشکلات کو کم کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے حفاظتی تدابیر بھی اختیار کی جا سکیں۔