محتشم احتشام
پونچھ//ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ پونچھ کی جانب سے، ڈسٹرکٹ چائلڈ پروٹیکشن آفیسر خلیل احمد بانڈے کی نگرانی اور رہنمائی میں، چائلڈ کیئر انسٹی ٹیوشن پریشہ منگناڑ میں ذہنی صحت کے موضوع پر ایک بامقصد اور معلوماتی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔اس سیشن کا مرکزی عنوان ’ٹیلی مانس تھا، جس کا مقصد بچوں اور ان کے کیئر گیورز میں ذہنی صحت کی اہمیت اجاگر کرنا اور ذہنی دباؤ یا پریشانی کے وقت مدد حاصل کرنے کے مؤثر ذرائع سے آگاہ کرنا تھا۔ڈی سی پی یو ٹیم نے بچوں سے خوشگوار اور تعمیری انداز میں گفتگو کی، انہیں بتایا کہ ذہنی صحت جسمانی صحت جتنی ہی ضروری ہے۔ ٹیم نے اس بات پر زور دیا کہ اگر کوئی بچہ یا نوجوان ذہنی دباؤ، اضطراب یا کسی بھی نفسیاتی چیلنج کا سامنا کر رہا ہو تو وہ بلا جھجک ٹیلی مانس ٹول فری ہیلپ لائن کے ذریعے ماہرین سے رابطہ کر سکتا ہے۔افسران نے شرکاء کو بتایا کہ ٹیلی مانس حکومت ہند کا ایک اہم اقدام ہے، جس کے تحت ملک بھر میں تربیت یافتہ ماہرین چوبیس گھنٹے ذہنی صحت سے متعلق رہنمائی اور مشاورت فراہم کرتے ہیں۔سیشن کے دوران بچوں نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا، سوالات کیے اور اپنے تجربات شیئر کیے۔ اس انٹریکٹو گفتگو نے نہ صرف ان میں خود اعتمادی پیدا کی بلکہ انہیں مثبت سوچ اور جذباتی توازن کی اہمیت سے بھی روشناس کرایا۔اختتامی لمحات میں ٹیم نے مثبت طرزِ فکر، خود اعتمادی اور ذہنی سکون کا پیغام دیا۔ اس موقع پر یہ عزم دہرایا گیا کہ ڈی سی پی یو پونچھ آئندہ بھی بچوں کی ذہنی اور جذباتی فلاح و بہبود کے لئے اس نوعیت کی سرگرمیاں جاری رکھے گا۔