سرینگر // صدر نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ فرقہ پرست طاقتیں اور کشمیر دشمن عناصر ریاست میں نہ صرف آپسی بھائی چارہ ، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو پارہ پار ہ کرنے کے در پے ہیں بلکہ جموں و کشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور خصوصی پوزیشن کو ختم کرنے کیلئے ہر ایک حربہ اپنا رہے ہیں،اور پی ڈی پی اس کام کیلئے رضاکارانہ طور پر کام کررہی ہے ، اس لئے ریاست کے باشعور عوام کو ایسے عناصروں کے مکروہ چالوں اور شاطرانہ سیاست گری سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔پارٹی ہیڈ کواٹر پرعہدیداراں اور کارکنوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار نے ریاستی عوام کو راحت پہنچانے کے بجائے ناقابل فراموش تکالیف اور مصائب سے دوچار کر دیا ہے ۔ ڈاکٹر فاروق نے اہل کشمیر سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر ایسے فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف صف آراءہو جائے جو ریاست میں فرقہ پرستی کا رجحاں بڑھانے میں آر ایس ایس کو ہر سطح پر مدد کر رہی ہیں، جن میں پی ڈی پی سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلم دوات جماعت ریاست کے لوگوں کے مفادات اور احساسات کی سودا گر جماعت ثابت ہوئی ہے اور جس کا انکشاف پی ڈی پی کے بانی ممبران طارق احمد قرہ نے بھی کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست کی پہچان کشمیریت کو بچانے کے لئے میدان میں کھود کر فرقہ پرست عناصروں کے خلاف صف آراءہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ میں بڈگام ، سرینگر اور گاندربل کے باشعور رائے دہندگان سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنا قیمتی ووٹ اپنے صحیح نمائندہ کے حق میں ڈال کر کشمیریت کو زندہ رکھے ۔ ڈاکٹر فاروق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے کشمیر کے سیاسی مسئلہ کے پُر امن حل کے لئے جدوجہد جاری رکھی ہے ۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ آج ریاست کے لوگوں کو جس اقتصادی بدحالی ، عد م تحفظ اور پہاڑ جیسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ قلم دوات حکمرانوں کی غلط پالسیوں اور گمراہ کن بیانات کا ثمر ہے۔