سرینگر/جنوبی کشمیر کے بجبہارہ میں نیشنل کانفرنس کارکنان کی مبینہ پٹائی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ نے منگل کو کہا کہ پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو اننت ناگ میں اپنی شکست صاف دکھائی دے رہی ہے۔
عمر نے ایک ٹویٹ میں لکھا'' اُنہیں اپنی شکست صاف دکھائی دے رہی ہے۔وہ لوگوں کی مار پیٹ کرسکتے ہیں لیکن اُس سے اُن کی تقدیر بدل نہیں سکتی ہے''۔
اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوگئی جس میں بجبہارہ حلقے میں قائم ایک پولنگ سٹیشن پر مبینہ طور ایک نیشنل کانفرنس کارکن کو پی ڈی پی کارکنان پیٹتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے آبائی حلقہ بجبہارہ میں آج ہونے والی لوک سبھا پولنگ کے دوران بہت ہی کم،دو فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی۔