سرینگر //کانگریس نے کہا ہے کہ پی ڈی پی جموںوکشمیر میں فسطائیت اور فرقہ پرست طاقتوں کو مضبوط کر رہی ہے اور اس نے اقتدار میں آنے کیلئے آر ایس ایس کے سامنے سب کچھ سرنڈرکیا ۔ کھنہ بل اور دمحال خوشی پورہ میںانتخابی میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے میر نے کہا کہ عوام کو اب پی ڈی پی سے کوئی امید وابستہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی ریاست جموںوکشمیر میں فسطائیت اور فرقہ پرست طاقتوں کو مضبوط کر رہی ہے لیکن کانگریس ہرگز ان طاقتوں کو جموںوکشمیر میں اپنے قدم جمانے نہیں دے گی اور ہر سطح پر ان طاقتوں کا مقابلہ کیا جائیگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی مکمل طور پر حقیقی معنوں میں عوامی اعتماد کھو چکی ہے اور اب وہ اندھیرے میں تیر چلا کر لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔ میر نے کہا کہ پی ڈی پی منفی پروپگنڈا کرکے ایک بار پھر عوامی منڈیٹ چرانا چاہتی ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پی ڈی پی کے گمراہ کن دعوئوں اور پروپگنڈے کے شیشے میں نہ اترے اور یہ کہ کانگریس۔این سی امیدواروں کو ہی ضمنی پارلیمانی انتخابات میں کامیاب بنا کر عوامی آواز کو ایوان پارلیمنٹ تک پہنچائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی نے اقتدار کی خاطر اپنے اصولوں کا بھی سودا کیا اور عوامی احساسات و جذبات کے ساتھ حساس معاملے پر کھلواڑ کیا اور اب بھی پی ڈی پی کا یہ کھلواڑ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کو ضمنی انتخابات میں شکست سے دوچار کرنا آر ایس ایس کو شکست دینے کے مترادف ہوگی کیونکہ یہ جماعت پوشیدہ طور ریاست میں آر ایس ایس کے ایجنڈے کو عملانے کی طرف گامزن ہیں ۔ غلام احمد میر نے مزید کہا کہ موجودہ مخلوط حکومت عوامی اعتماد کھوچکی ہے اور یہ کہ پی ڈی پی کی شکست پارلیمانی ضمنی انتخابات میں ناگزیر بن چکی ہے ۔