عشرت حسین بٹ
منڈی// جمعہ کو پی ڈی پی ضلع یونٹ پونچھ کی جانب سے پارٹی ضلع صدر شمیم احمد گنائی کی قیادت میں تحصیل ہیڈ کوارٹرمنڈی میں مرکزی سرکار کے خلاف وقف ترامیمی بل اور عوام مشکلات کے حوالے سے زبردست احتجاج کیا ۔اس موقع پر مظاہرین نے وقف ترامیمی بل میں ترمیم کے حوالے سے مرکزی سرکار اور عمر سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی سرکار مسلمانوں کے حقوق چھینے میں لگی ہے اور عمر سرکار ان کی ہاں میں ہاں ملا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کسی بھی قیمت پر اس قانون میں کسی بھی قسم کی ترمیم قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدالت عالیہ سے گزارش کرتے ہیں کہ مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ مرکزی سرکار نے کھلواڑ شروع کیا ہے اس کو روکا جائے ۔ مظاہرین نے اس موقع پر عمر سرکار کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے اس وقف ترمیم کے حوالے سے اسمبلی میں اپنی زبان تک نہیں کھولی جس سے لگتا ہے کہ عمر عبداللہ اور اس کے تمام ممبر اسمبلی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہر بات کو لبیک کر رہے ہیں۔ احتجاجیوں نے جموں و کشمیر میں بے روزگاری بجلی کے اضافی بلوں اور عارضی ملازمین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے انتخابات سے قبل جو عوام سے وعدے کیے تھے اور جو منشور عوام کے سامنے لایا تھا آج وہی سرکار عوام کے کام نہیں کر رہی ہے اور انہیں بیوقوف بنا رہی ہے بتا دیں کہ یہ احتجاجی مظاہرہ منڈی بائپاس سے شروع ہو کر منڈی بس اڈہ پر اختتام پذیر ہوا۔