سرینگر// پی ڈی پی نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان کے ساتھ بات چیت کو ناگزیر قرار دیا تھا تاہم مخلوط سرکار میں پی ڈی پی کی ساتھی بھارتی جنتا پارٹی نے فاروق عبداللہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے فاروق عبداللہ سے معافی طلب کی ہے جس میں فاروق عبداللہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کسی تیسرے ملک کی مدد کی سفارش کی تھی۔ جمعہ کے صبح سابق وزیر اعلیٰ فارق عبداللہ نے مطالبہ کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کسی تیسرے ملک مثلاًامریکہ یا چین کی مدد لینے کا مشورہ دیا تھا۔ پی ڈی پی نائب صدر سرتاج مدنی نے کہا’’ میں خوش ہوں اگر فاروق عبداللہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کی بات کرتے ہیں، اگر آپ مسئلہ کشمیر حل کرنا چاہتے ہیں تو بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تاہم ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ نے مطالبہ کیا ہے کہ فاروق عبداللہ اپنے بیان پر معافی مانگے۔ نرمل سنگھ نے کہا ’’ میں انکے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔ وہ چین کے بارے میں بات کررہے ہیں، میں انہیں بتانا چاہتاہوں کہ جب وہ وزیر اعلیٰ تھے تو وہ پاکستان پر حملہ کرنے کی بات کررہے تھے۔ دوہرا معیار کیوں؟ جب وہ حکومت میں ہوتے ہیں تو الگ بات کرتے ہیں اور جب حکومت میں نہیں ہوتے تو الگ بات کرتے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ انہیں اپنے بیان پر معافی مانگنی چاہئے، و ہ ایسے بیانات سے فورسز کے حوصلے پست کررہے ہیں۔ فاروق عبداللہ پاکستان کے سامنے بھارت کو نیچا دکھانا چاہتے ہیں۔