اننت ناگ// کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہا ہے کہ پی ڈی پی ڈوبتی کشتی ہے،جو اپنی بقاء کی جنگ لڑنے کیلئے گمراہ دعوئوں اور وعدوں کا سہارا لے رہی ہے ۔مشترکہ میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس امیدوار غلام احمد میر نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں کو ریاست باہر رکھنے کیلئے پارلیمانی ضمنی انتخابات عوام کے پاس موثر ہتھیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو تقسیم کرنے والی طاقتوں کو شکست سے دوچار کرنے کیلئے ضمنی چنائو عوام کیلئے ایک بہترین موقع ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صڑف فرقہ پرست طاقتیں ریاست کو تقسیم کرنے پر تلی ہوئی ہے بلکہ ملک میں سیکولر اصولوں کو بھی دفن کرنے میں یہ طاقتیں سرگرم عمل ہیں ۔ غلام احمد میر کا کہنا تھا کہ این سی کانگریس کے امیدواروں کی ضمنی پارلیمانی انتخابات میں جیت یقینی ہے کیونکہ عوام پی ڈٰ پی بھاجپا اتحاد کی پالیسیوں سے بخوبی واقف ہوچکی ہے ۔ غلام احمد میر کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی نے 2014 میں فرقہ پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو ریاست سے باہر رکھنے کیلئے عوامی منڈیٹ حاصل کیا لیکن اقتدار میں آنے کیلئے اسی جماعت سے اتحاد کیا جوکہ بقول ان کے پی ڈی پی کے قول و فعل میں تضاد کو عیاں کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی پارلیمانی چنائو ووٹروں کیلئے اپنے مستقبل کو سنوارنے کا بہترین موقع ہے کیونکہ پی ڈی پی بھاجپا کے پوشیدہ فرقہ وارانہ ایجنڈے نے ریاستی عوام کے مستقبل کو خطرے سے دوچار کردیا ہے ۔ غلام احمد میر نے لوگوں کو خبردار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو سیاسی مفادات اور ووٹ بینک حاصل کرنے کیلئے تقسیم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔