جموں //پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر اور سابقہ ریاستی وزیر رمن بھلہ نے پی ڈی پی اور بھاجپا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے عوام کیساتھ دھوکہ کیا ہے اور آئندہ انتخابات میں کانگریس پارٹی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے طور پر ابھر کر سامنے آئے گی ۔اسمبلی حلقہ گاندھی نگر میں پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی اور بھاجپا نے 2014کے انتخابات کے دوران تعمیر و ترقی ،بے روز گاری کو ختم کر نے ،عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے نام پر ووٹ حاصل کئے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ان دونو ں سیاسی پارٹیوں نے عوامی مسائل کی طرف توجہ ہی نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی پی او بھاجپا کی سابقہ حکومت کی ناکامی کی وجہ سے اس وقت عارضی ملازمین کے علا وہ عام لوگ بھی احتجاج کر نے پر مجبور ہو چکے ہیں ۔موصوف نے کہاکہ اس وقت دیہی علا قوں میں رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی ،سکولوں میں بنیادی سہولیات کی قلت کے علا وہ عوام کو راشن کی قلت ،پینے کا صاف پانی اور بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کی وجہ سے عوام کو مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔رمن بھلہ نے بھاجپا کی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پارٹی سرحد وں پر ہو رہی فائرنگ کے واقعات کو روکنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے جبکہ سرحدی علا قو ں میں پاکستانی افواج کی طرف سے کی جارہی فائرنگ کی وجہ سے عام لوگوں کو مسائل کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ سابقہ حکومت میں شامل دونوں سیاسی پارٹیاں عوام کو خطوں اور فرقوں میں تقسیم کر کے اپنا مفاد حاصل کر نا چاہتی ہیں ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ بھاجپا کی عوام مخالف پالیسیوں کے بارے میں عوام کو بیدار کرنے اورکانگریس کی مضبوطی کیلئے کام کریں ۔